گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی متحرک قیادت اور خصوصی دلچسپی کے باعث صوبے کو توانائی کے شعبے میں خودکفیل بنانے اور عوام کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
گورنر ہاؤس پشاور میں محکمہ انرجی اینڈ پاور سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اور نتیجہ خیز اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے کے اہم توانائی پروجیکٹس اور صنعتی ترقی کے روڈ میپ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں مشیر توانائی عثمان سیف اللہ خان اور سیکرٹری توانائی محمد زبیر خان نے گورنر کو صوبے میں جاری بجلی و گیس کے ترقیاتی منصوبوں اور آئندہ کی حکمتِ عملی پر جامع بریفنگ دی۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں پاکیزہ اور سستی بجلی کی پیداوار بڑھانے کے لیے جاری میگا پروجیکٹس پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی، جن میں 470 میگاواٹ کا کوریا ہائیڈرو پاور پروجیکٹ،229 میگاواٹ کا کیدام پاور پروجیکٹ اور 94 میگاواٹ کا گبرال کالام اور پیہور منصوبہ شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا ،نوٹیفکیشن جاری
گورنر نے کہا کہ ان منصوبوں کی وقت پر تکمیل سے خیبرپختونخوا نہ صرف اپنی توانائی کی ضروریات کو احسن طریقے سے پورا کرے گا بلکہ اس سے صوبائی معشت کو بھی زبردست تقویت ملے گی۔
اجلاس میں نیٹ ہائیڈل پاور (NHP) کے واجبات، ایل پی جی پالیسی 2016 اور اورکزئی، تیراہ و میرانشاہ کے گیس بلاکس کی معاشی افادیت کا جائزہ لیا گیا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے ہدایت کی کہ صوبے کے جائز حقوق اور مسائل کے دیرپا حل کے لیے وفاقی حکومت اور متعلقہ اداروں کے ساتھ انتہائی موثر، مثبت اور مربوط رابطہ قائم رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبے کے درمیان بہتر ہم آہنگی کے ذریعے ہی عوام کو بنیادی سہولیات اور حقوق کی فراہمی یقینی بنائی جا سکتی ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے زور دیا کہ مقامی قدرتی وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے صنعتی شعبے کو 100 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی مسلسل فراہمی اور 10 فیصد ایل پی جی کوٹہ یقینی بنایا جائے تاکہ صنعتی پہیہ تیزی سے گھومے۔
یہ بھی پڑھیں : ڈی آئی خان اراضی اسکینڈل: فضل الرحمن اور خاندان کا اصلی چہرہ بے نقاب!
اجلاس کے اختتام پر گورنر نے مشیرِ توانائی کو تمام التواء شدہ منصوبوں، مستقبل کی ضروریات اور ٹھوس تجاویز پر مشتمل ایک جامع ورکنگ پیپر مرتب کرنے کی ہدایت کی تاکہ وفاقی سطح پر تعمیری گفتگو کے ذریعے صوبے کے انرجی سیکٹر کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔





