وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے عید الفطر کے لیے مؤثر انتظامات یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔
وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ کی جانب سے انتظامی سیکریٹریز، ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو بیس نکات پر مشتمل مراسلہ جاری کردیا گیا ہے۔
تمام ڈپٹی کمشنرز کو اپنے اضلاع میں متعلقہ اداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے عیدگاہوں، مساجد اور امام بارگاہوں میں نمازِ عید کے اجتماعات کے لیے جامع سیکیورٹی پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کسی بھی ایڈمنسٹریٹو افسر کے ڈیوٹی سٹیشن چھوڑنے سے قبل متعلقہ اعلیٰ حکام سے پیشگی اجازت لینا ضروری ہوگا، چاند رات پر ہوائی فائرنگ اور آتش بازی پر مکمل پابندی ہو گی، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں کی کڑی نگرانی کرکے زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے، ون وہیلنگ، تیز رفتاری اور بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر مکمل پابندی عائد ہوگی، جس کے لیے ٹریفک پولیس کے دستے تعینات کیے جائیں گے۔
عید الفطر پر سیاحتی مقامات اور جانے والی سڑکوں پر ٹریفک کے بہتر انتظامات کی ہدایت بھی جاری کردی گئی ہے، جہاں ضرورت ہو وہاں ٹورازم پولیس اور سول ڈیفنس کے اہلکار تعینات کیے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: عاطف خان کے خلاف کمزور کیس کیوں بنایا، سرکاری وکیل فارغ، وزیراعلیٰ طیش میں آگئے، آڈیو لیک
عوامی مقامات، بازاروں اور عیدگاہوں میں خصوصی صفائی مہم چلانے اور خواتین کے رش والے بازاروں میں مرد پولیس اہلکاروں کی تعیناتی یقینی بنائی جائے گی، تیز بہاؤ والے دریاؤں میں نہانے پر مکمل پابندی ہوگی، کشتی رانی کے لیے لائف جیکٹ لازمی ہوگی۔