پشاور ہائیکورٹ میں گورنر راج، ایمرجنسی کے نفاذ اور اہم سیاسی رہنماؤں کی بازیابی سے متعلق دائر تمام درخواستیں کاز لسٹ سے ڈیلیٹ کر دی گئی ہیں۔ ہائیکورٹ نے 10 نومبر کی نئی کاز لسٹ بھی جاری کر دی ہے۔
کاز لسٹ سے ڈیلیٹ کی گئی درخواستوں میں سابق وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی، بابر سلیم سواتی اور جنید اکبر کی بازیابی کی رٹ پٹیشنز بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ایمرجنسی اور گورنر راج کے خلاف بیرسٹر گوہر، اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی، کے پی بار کونسل اور ایم این اے شاندانہ گلزار سمیت دیگر شخصیات نے درخواستیں دائر کر رکھی تھیں۔
دوسری جانب، وفاقی آئینی عدالت نے پشاور ہائیکورٹ کو 3 ایم پی او (3 MPO) کے کیسز پر سماعت کرنے سے پہلے ہی روک رکھا ہے۔
اسی تناظر میں پشاور ہائیکورٹ نے ایک باقاعدہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ 12 اکتوبر یا اس کے بعد جتنی بھی رٹ پٹیشنز دائر کی گئی ہیں انہیں سماعت کے لیے مقرر نہ کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : سونا اور چاندی خریدنے والوں کےلیے اہم خبر آ گئی
اعلامیے میں درخواست گزاروں کو متعلقہ قانونی فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔





