بلوچستان ہائی کورٹ نے سابق رکن صوبائی اسمبلی اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنما عبدالمجید اچکزئی کو ٹریفک سب انسپکٹر حاجی عطااللہ کی ہلاکت کے مقدمے میں 10 سال قید بامشقت کی سزا کا حکم دے دیا ہے۔
عدالت نے سابق ایم پی اے کی پچھلی بریت کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں مقتول کے ورثاء کو دیت کی رقم بھی ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔
جسٹس محمد عامر نواز رانا اور جسٹس عبدالقیوم لہڑی پر مشتمل ڈویژنل بینچ نے حکومت کی جانب سے دائر اپیل پر سماعت کی اور ٹرائل کورٹ کے 4 ستمبر 2020 کے اس فیصلے کو مسترد کر دیا جس کے تحت ملزم کو بری کر دیا گیا تھا۔
عدالت نے غفلت اور تیز رفتاری سے گاڑی چلا کر ڈیوٹی پر موجود اہلکار کو کچلنے کے جرم میں دفعہ 320 کے تحت مجرم کو سزا سنائی ہے۔
عدالت عالیہ نے ضمانت پر موجود عبدالمجید اچکزئی کی فوری گرفتاری کے لیے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو حکم دیا ہے کہ انہیں گرفتار کر کے فوری طور پر جیل منتقل کیا جائے۔
واضح رہے کہ جون 2017 میں کوئٹہ کے زرغون روڈ پر جی پی او چوک کے مقام پر ایک تیز رفتار لینڈ کروزر کی ٹکر سے ٹریفک سارجنٹ حاجی عطااللہ ڈیوٹی کے دوران جاں بحق ہو گئے تھے، جس کا مقدمہ اب جا کر انجام کو پہنچا ہے۔





