شارجہ ٹیسٹ: زمبابوے نے افغانستان کے خلاف دنیا کا منفرد عالمی ریکارڈ بنا ڈالا

شارجہ میں افغانستان کے خلاف کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں زمبابوے نے کرکٹ کی دنیا کا ایک نادر اور منفرد عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔

زمبابوے ٹیسٹ کرکٹ کی 147 سالہ تاریخ میں ایک ہی میچ کی دونوں اننگز میں 500 سے زائد رنز بنانے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔

زمبابوے نے اپنی پہلی اننگز میں 504 رنز اسکور کیے جبکہ دوسری اننگز 5 وکٹوں کے نقصان پر 523 رنز بنا کر ڈکلیئر کی۔ میچ کے آخری روز زمبابوے نے 164 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے کھیل کا آغاز کیاجہاں برائن بینیٹ نے نصف سنچری اور ڈیبیو کرنے والے انتم نقوی نے 61 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔

اس تاریخی اننگز کے ہیرو کریگ ایروین رہے جنہوں نے ناقابلِ شکست 206 رنز بنائے۔ اس کے ساتھ ہی وہ 41 سال اور 82 دن کی عمر میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے دنیا کے تیسرے معمر ترین کرکٹر بن گئے ہیں۔ دوسری جانب ویسلے میڈھیویرے بھی 100 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، اور دونوں نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 208 رنز کا نیا قومی ریکارڈ بھی قائم کیا۔

یہ بھی پڑھیں : ٹریفک سارجنٹ کی ہلاکت کے مقدمے میں عبدالمجید اچکزئی کو 10 سال قید

افغانستان اور زمبابوے کے درمیان پہلا ٹیسٹ ڈرا پر ختم ہوا، جبکہ سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 13 نومبر سے شارجہ کے اسی میدان پر کھیلا جائے گا۔

Scroll to Top