اسلام آباد: 30ویں ای سی او کونسل آف منسٹرز کانفرنس شروع

اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کونسل آف منسٹرز کا 30واں اجلاس آج سے شروع ہو رہا ہے جس کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ اجلاس کی کوریج کے لیے جدید میڈیا فیسیلیٹیشن سینٹر کا بھی افتتاح کر دیا گیا ہے۔

دو روزہ کانفرنس 15 اور 16 نومبر کو پاک چائنا فرینڈشپ سینٹر میں منعقد ہو رہی ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات اشفاق احمد خلیل نے پاک چائنا فرینڈشپ سینٹر میں قائم میڈیا فیسیلیٹیشن سینٹر کا افتتاح کیا۔

افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات اشفاق احمد خلیل نے کہا کہ اس مرکز کے قیام کا مقصد ملکی اور غیر ملکی صحافیوں کو اجلاس کی بروقت اور مؤثر کوریج کے لیے ایک ہی چھت تلے جدید سہولیات فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کی ہدایات کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس بار بھی ایک مکمل میڈیا سینٹر قائم کیا گیا ہے۔ مرکز میں تیز رفتار انٹرنیٹ، خصوصی ڈیسک، جدید ڈیجیٹل اور پوڈ کاسٹ اسٹوڈیوز سمیت میڈیا بریفنگز کے لیے مخصوص کانفرنس رومز قائم کیے گئے ہیں۔

وفاقی سیکریٹری اطلاعات کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے دن رات محنت کر کے انتظامات کو حتمی شکل دی ہے اور وزارت اطلاعات کی بھرپور کوشش ہے کہ ای سی او کانفرنس کامیاب ہو اور میڈیا نمائندگان کو بہترین سہولیات میسر آئیں۔

Scroll to Top