پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع کے عوامی اور کاروباری حلقوں نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کی 15 نومبر کی احتجاجی کال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے احتجاجی سیاست سے لاتعلقی اختیار کر لی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی اور معاشی دباؤ کے اس دور میں وہ سڑکوں پر نکلنے کے بجائے اپنے روزگار، کاروبار اور امن و امان کو ترجیح دیتے ہیں۔
واضح رہے کہ جے یو آئی (ف) کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عطاء الرحمان نے پشاور میں تجاوزات کے خلاف کارروائیوں، قیادت کے خلاف مبینہ مہم اور صوبے کے معدنی وسائل کی پالیسیوں کے خلاف 15 نومبر کو صوبہ بھر میں مظاہروں کا اعلان کیا تھا، تاہم اس کال پر عوامی سطح سے سخت تنقیدی ردعمل سامنے آ رہا ہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک کے شہریوں نے احتجاجی کال کو مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ایک دیہاڑی دار مزدور اور دکاندار ایک دن کا کاروبار بند کرنے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ شہریوں نے سوال اٹھایا کہ سڑکوں کی بندش سے ہونے والے معاشی نقصان کا ازالہ کون کرے گا، جبکہ سادہ لوح شہریوں کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کے رجحان کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
کرک کے مقامی حلقوں نے مجوزہ احتجاج کو ناکام قرار دیتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ عام شہریوں کی عدم دلچسپی کے باعث مظاہروں میں صرف مدارس کے کم عمر طلبہ کو لایا جائے گا۔ شہریوں کے مطابق قیادت آسائشوں میں رہتی ہے جبکہ عام آدمی سڑکوں پر خوار ہوتا ہے، اس لیے اب عوام احتجاجی سیاست کا حصہ بننے کو تیار نہیں۔
بنوں اور لکی مروت کے رہائشیوں نے بھی اس کال کو ’سیاسی اسٹنٹ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سڑکیں بند کرنے اور دھرنوں سے ماضی میں بھی عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوا، لہٰذا سیاسی قیادت کو شاہراہیں بلاک کرنے کے بجائے پارلیمنٹ اور قانونی فورمز پر آواز اٹھانی چاہیے۔
کوہاٹ، ہنگو اور صوبائی دارالحکومت پشاور کی تاجر برادری اور شہریوں کا بھی کہنا ہے کہ بار بار کی ہڑتالوں اور ٹریفک کی بندش سے نظامِ زندگی اور کاروبار مفلوج ہو جاتے ہیں۔ شہریوں نے واضح کیا کہ وہ محض سیاسی نعروں کی خاطر اپنے بچوں کا رزق داؤ پر نہیں لگائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : سیاسی سرپرستی میں سونا لوٹنے والوں کا گھیرا تنگ: نوشہرہ اور کوہاٹ میں تاریخ کا سب سے بڑا کریک ڈاؤن،ہزار سے زائد گرفتار
دوسری جانب سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ عوامی بیزاری کے ان بیانات کے باوجود احتجاجی کال کی حقیقی کامیابی یا ناکامی کا حتمی اندازہ 15 نومبر کو مظاہروں میں شرکاء کی تعداد سامنے آنے کے بعد ہی لگایا جا سکے گا۔





