پاکستان اپنے شہداء کا لہو کبھی رائیگاں نہیں جانے دے گا، ان کی قربانیاں ملک کے استحکام کی ضامن ہیں،ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

پاکستان کے دفاع، امن اور سلامتی کے لیے سکیورٹی فورسز کی لازوال قربانیوں کا سلسلہ جاری ہے، جہاں بلوچستان کے علاقوں کولپور، کردگاپ اور نوشکی میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں (فتنۃ الہندوستان) کے خلاف فیصلہ کن کارروائیوں اور کوئٹہ-تفتان قومی شاہراہ پر معمول کے گشت کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے بہادر سپوتوں میجر عمر منہاس ناصر شہید اور حوالدار محمد عدنان خان شہید کو پوری قوم زبردست خراجِ عقیدت پیش کر رہی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے کوئٹہ-تفتان قومی شاہراہ (N-40) پر مقامی ٹریفک کے محفوظ سفر اور علاقے کے امن کو یقینی بنانے کے لیے انٹیلی جنس بنیادوں پر کامیاب آپریشنز کرتے ہوئے ایک خودکش حملہ آور سمیت 8 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر کے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا۔

 اس دوران بزدل دہشت گردوں نے مسلح کواڈ کاپٹرز کے ذریعے گشت پر مامور سکیورٹی فورسز کی گاڑیوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ضلع چکوال سے تعلق رکھنے والے 32 سالہ بہادر افسر میجر عمر منہاس ناصر اور کوٹلی ستیاں کے سپوت حوالدار محمد عدنان خان نے مادرِ وطن کے دفاع میں لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

یہ بھی پڑھیں : دباؤ اور پابندیوں کی سیاست ناکام ہو گئی، امریکہ اپنی شکست چھپانے کے لیے بیانیے کی جنگ لڑ رہا ہے، ایران

صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سمیت پوری قوم نے ان عظیم شہداء کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطنِ عزیز کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے یہ بہادر سپوت پوری قوم کا فخر ہیں اور دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کی جرأت، بہادری اور لازوال قربانیاں ہماری قومی تاریخ کا روشن باب ہیں۔

ریاست اور قوم کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا گیا ہے کہ پاکستان اپنے شہداء کے مقدس لہو اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گا کیونکہ یہی قربانیاں وطنِ عزیز کے امن، استحکام اور سلامتی کی مضبوط بنیاد ہیں۔

دشمن کے جدید ڈرون حملوں اور بیرونی سرپرستی میں ہونے والی بزدلانہ کارروائیوں کے باوجود دہشت گردوں کے مکمل صفائے تک آپریشنز پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گے۔ پوری قوم دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے سوگوار اہلِ خانہ کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ اور صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔

Scroll to Top