گریجویشن تقریب میں خوشیوں کی جگہ چیخ و پکار، 23 سالہ طالبہ دم توڑ گئیں

عراق کے خود مختار خطے کردستان کے دارالحکومت ارببیل میں صلاح الدین یونیورسٹی کی گریجویشن تقریب کے دوران ایک انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں خوشیوں کے پُرشکوہ ماحول میں 23 سالہ ہونہار طالبہ اچانک طبیعت خراب ہونے کے باعث دارِ فانی سے کوچ کر گئیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق زیلان دشتی نامی یہ نوجوان طالبہ صلاح الدین یونیورسٹی اربیل کے شعبہ ماحولیاتی سائنس و صحت (Environmental Science and Health) کی طالبہ تھیں اور گزشتہ روز یونیورسٹی کی 45 ویں سالانہ گریجویشن تقریب میں بڑے جوش و خروش کے ساتھ شریک ہوئی تھیں۔

یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ تقریب کے دوران اچانک 23 سالہ زیلان دشتی کی طبیعت تیزی سے بگڑی۔ طبی ماہرین اور یونیورسٹی حکام کے مطابق طالبہ کو تقریب کے عین دوران دل کا شدید عارضہ (ہارٹ اٹیک) لاحق ہوا، جس نے ان کی جان لے لی۔

یہ بھی پڑھیں : گزشتہ 13 سال کے دوران خیبرپختونخوا کے وسائل کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا گیا، پی ٹی آئی کے دور میں ہر طرف کرپشن کا راج رہا، امیر مقام

خوشیوں اور کامیابی کے اس یادگار موقع پر اچانک پیش آنے والے اس صدمے سے تقریب میں موجود اساتذہ، ساتھی طلباء اور لواحقین کی تمام خوشیاں سوگ میں تبدیل ہو گئیں۔

اس ناگہانی سانحے پر یونیورسٹی انتظامیہ، طلبا یونین اور سماجی حلقوں کی طرف سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔

 یونیورسٹی کی انتظامیہ نے زیلان دشتی کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ہونہار طالبہ کا اس طرح اچانک بچھڑ جانا پورے ادارے کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان اور گہرا صدمہ ہے۔

Scroll to Top