انگلی میں سوئی چبھونے سے نجات؟ شوگر چیک کرنے کی جدید ٹیکنالوجی متعارف

کراچی: طبی ماہرین نے کہا ہے کہ خون میں شوگر کی مسلسل نگرانی کرنے والے جدید آلات ذیابیطس کے مریضوں کو مرض پر قابو پانے اور دل، گردوں اور آنکھوں سمیت دیگر پیچیدگیوں سے بچانے میں مدد دے سکتے ہیں۔

کراچی کے میمن میڈیکل انسٹیٹیوٹ اسپتال میں منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ماہرین نے انکشاف کیا کہ پاکستان میں ہر چار میں سے ایک شخص ذیابیطس یا پری ڈائیبیٹیز کا شکار ہے۔

ماہرین کے مطابق شوگر کی مسلسل نگرانی کرنے والے جدید آلات جلد پر نصب کیے جانے والے ایک چھوٹے سینسر کے ذریعے دن رات خون میں گلوکوز کی سطح مانیٹر کرتے ہیں، جس کا ڈیٹا موبائل فون یا دیگر موافق آلات پر دیکھا جاسکتا ہے۔

 اس ٹیکنالوجی کے ذریعے انگلی سے خون کا قطرہ لے کر بار بار شوگر چیک کرنے کی ضرورت بھی کم ہو جاتی ہے۔اس موقع پر اسپتال کے شعبہ ذیابیطس کے سربراہ ڈاکٹر ندیم نعیم نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مریض یہ جان سکتے ہیں کہ کون سی غذائیں، جسمانی سرگرمیاں، نیند اور ذہنی دباؤ ان کے خون میں شوگر کی سطح کو متاثر کرتے ہیں، جس سے انہیں اپنی خوراک اور روزمرہ معمولات بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ٹیسلا نے مکمل خودکار ڈرائیور لیس گاڑی “سائبرکیب” نجی صارفین کے لیے فروخت کے لیے پیش

ماہرین کا کہنا تھا کہ یہ آلات کھانے کے بعد شوگر میں اضافے اور نیند کے دوران اس کی سطح میں کمی کی نشاندہی بھی کرسکتے ہیں، جس کی بنیاد پر ڈاکٹر علاج اور ادویات میں ضروری تبدیلیاں کرسکتے ہیں۔

 تاہم یہ آلات خود شوگر کم نہیں کرتے بلکہ ان سے حاصل ہونے والی معلومات علاج کو مؤثر بنانے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔سیمینار کے دوران بچوں میں ذیابیطس کے بڑھتے ہوئے رجحان پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔

 ماہرین نے اس کی اہم وجوہات میں غیر صحت بخش خوراک، جسمانی سرگرمیوں کی کمی اور موبائل فون کا زیادہ استعمال قرار دیا۔

طبی ماہرین نے ذیابیطس سے بچاؤ اور اس پر قابو پانے کے لیے روزانہ 30 سے 45 منٹ پیدل چلنے، میٹھی اور چکنائی والی غذاؤں کے استعمال میں کمی اور باقاعدگی سے طبی معائنے کرانے پر زور دیا۔

Scroll to Top