امن جیت گیا، انتشار ہار گیا، خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع میں بازاروں کی رونقیں بحال، کاروبارعروج پر اور کھیل کے میدان آباد

پشاور:خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور سے لے کر صوبے کے طول و عرض تک امن، ترقی اور قانون کی بالادستی کا ماحول پوری طرح قائم ہے، جہاں اتوار کے روز تمام اضلاع میں معمولاتِ زندگی انتہائی شاندار طریقے سے رواں دواں ہیں۔ 

پشاور، ٹانک، باجوڑ، مہمند، وزیرستان، کرم، اورکزئی، خیبر، وادی تیراہ، لکی مروت، چارسدہ، مردان، سوات، دیر اور کالام سمیت صوبے کے کونے کونے میں بازار مکمل طور پر کھلے ہوئے ہیں اور گاہکوں کا رش معمول سے بھی زیادہ دیکھا جا رہا ہے۔

 اتوار کے روز چھٹی کے باوجود تجارتی مراکز، شاپنگ مالز اور بازاروں میں خرید و فروخت کا عمل عروج پر ہے، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام اب امن، خوشحالی اور معاشی سرگرمیوں کو اپنی اولین ترجیح سمجھتے ہیں۔

صوبے کے کسی بھی ضلع میں کسی قسم کی کوئی غیر معمولی پابندی یا خلل موجود نہیں ہے اور ہر سو پُرسکون فضا راج کر رہی ہے۔

عوام اور تاجر برادری نے اپنے روزمرہ کے کاروبار کو پوری تندہی اور آزادی کے ساتھ جاری رکھا ہوا ہے۔ ٹانک اور قبائلی اضلاع سے لے کر مالاکنڈ، سوات، دیر اور کالام کے پرفضا مقامات تک زندگی اپنی اصل رونق کے ساتھ بحال ہے، جہاں سڑکیں ٹریفک سے بھری ہوئی ہیں اور تجارتی سرگرمیاں بغیر کسی رکاوٹ کے جاری ہیں۔

عوام کا کہنا ہے کہ انتشار اور دھرنوں کی سیاست اب ماضی کا حصہ بن چکی ہے اور باشعور عوام اب ترقی اور اپنے بچوں کے روشن مستقبل کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : صارفین کی اجازت کے بغیر موبائل گیلری تک رسائی، میٹا پر 88 کروڑ 70 لاکھ ڈالر جرمانہ

کسی بھی مقام پر کسی احتجاج یا جلسے جلوس کا کوئی وجود نہیں ہے، اور تمام شہری قانون کے دائرے میں رہ کر اپنے یومیہ امور انجام دے رہے ہیں۔

صوبے بھر کے گراؤنڈز، پارکس اور تفریحی مقامات بھی بچوں، نوجوانوں اور کھلاڑیوں کی چہل پہل سے گونج رہے ہیں۔

کرکٹ، فٹبال اور دیگر کھیلوں کے میدان آباد ہیں جہاں نوجوان اپنی صحت مند اور مثبت سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں۔

 والدین اور شہریوں نے سیکیورٹی اداروں اور انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ خیبر پختونخوا کے غیور عوام امن اور ترقی کے اس سفر میں ریاست کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں، اور صوبے میں پائیدار امن نے ترقی کے تمام راستے کھول دیے ہیں۔

Scroll to Top