روم: اٹلی کے ڈیٹا پروٹیکشن ریگولیٹر نے صارفین کی اجازت کے بغیر ان کے موبائل فونز میں موجود تصاویر، ویڈیوز اور دیگر ڈیٹا تک رسائی حاصل کرنے پر فیس بک کی پیرنٹ کمپنی میٹا پر 88 کروڑ 70 لاکھ ڈالر جرمانہ عائد کردیا ہے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 8 ہزار 360 کروڑ روپے بنتے ہیں۔
اطالوی حکام کے مطابق فیس بک ایپ کے ذریعے اینڈرائیڈ صارفین کی موبائل گیلری تک رسائی حاصل کی جا رہی تھی، تاہم صارفین کو اس بارے میں مناسب طور پر آگاہ نہیں کیا گیا اور نہ ہی ان سے واضح رضامندی حاصل کی گئی۔
اس عمل سے اٹلی میں تقریباً 2 کروڑ میٹا صارفین متاثر ہوئے۔حکام کا کہنا ہے کہ فیس بک کا یہ فیچر 2023 سے دستیاب تھا، جس کے تحت صارفین کی موبائل گیلری میں موجود تصاویر اور ویڈیوز تجویز کی جاتی تھیں تاکہ وہ انہیں فیس بک پر پوسٹ کرسکیں۔
تاہم ایپ کی جانب سے گیلری تک رسائی کے لیے صرف ایک مرتبہ عمومی اجازت طلب کی جاتی تھی، جس سے صارفین کو یہ اندازہ نہیں ہوتا تھا کہ اس اجازت کے نتیجے میں تصاویر اور ویڈیوز تجویز کرنے والا فیچر بھی فعال ہوجائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور میں بجلی چوروں کی اب خیر نہیں، ککشال میں پیسکو اور پولیس کا شبانہ چھاپہ، تمام غیر قانونی تاریں کاٹ دی گئیں
اطالوی ریگولیٹر نے میٹا کو 60 روز کی مہلت دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ مذکورہ فیچر کو ڈیفالٹ طور پر بند کیا جائے اور اسے استعمال کرنے کے خواہش مند صارفین سے الگ اور واضح اجازت حاصل کی جائے۔
کمپنی کو صارفین کو یہ بھی بتانا ہوگا کہ یہ فیچر ان کے موبائل فون کی گیلری تک رسائی حاصل کرتا ہے اور اسے بند کرنے کا طریقہ کیا ہے۔
حکام کے مطابق میٹا کی جانب سے 2026 میں متعارف کرائے گئے ایک نئے فیچر کا بھی الگ سے جائزہ لیا جاسکتا ہے، جس کے تحت صارفین کی گیلری میں موجود تصاویر اور ویڈیوز ریموٹ سرورز پر پراسیس کی جاسکتی ہیں۔
اس فیصلے کو صارفین کی ڈیجیٹل پرائیویسی اور ذاتی معلومات کے تحفظ کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔





