نئی دہلی : نئی دہلی میں بھارتی فضائیہ کی اراضی کے تنازع نے مودی حکومت اور انڈین ایئر فورس کے درمیان چھپے ہوئے تناؤ کو اب کھل کر دنیا کے سامنے لا رکھا ہے۔
سابق بھارتی ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ کے بیانات کے بعد بھارتی حکومت کی جانب سے فضائیہ کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا جو سلسلہ شروع ہوا ہے، اس نے عسکری اور سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔
ریس کورس اراضی تنازع اور سابق ایئر چیف کا وزیر دفاع کو خط
اپنی ریٹائرمنٹ سے محض چار روز قبل، سابق ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ نے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کو ایک سخت خط لکھا۔
اس خط میں مطالبہ کیا گیا کہ نئی دہلی کے حساس ریس کورس ایئر فورس اسٹیشن کی 40 ایکڑ سے زائد اراضی کو بھارتی فضائیہ کے کنٹرول میں ہی برقرار رکھا جائے۔ عسکری مفادات کے تحفظ کے اس دوٹوک مؤقف نے مودی سرکار کو سیخ پا کر دیا۔
مودی سرکار کی انتقامی کارروائی: اسپورٹس کمپلیکس سیل اور الوداعی تقریب منسوخ
فضائیہ کی جانب سے اپنے حقوق کے دفاع پر مودی حکومت نے انتقامی ہتھکنڈے استعمال کرتے ہوئے فوری کارروائی کی۔ مودی حکومت کی ایما پر وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ اربن افیئرز نے ریس کورس ایئر فورس اسٹیشن میں واقع فضائیہ کے اسپورٹس کمپلیکس کو زبردستی سیل کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں : اپنے ہی مسلح کارندوں کی فائرنگ سے معصوم بچی کا قتل، الزام سیکیورٹی فورسز پر ڈالنے کی گھناؤنی سازش، آڈیو لیک نے راولاکوٹ کے امن دشمنوں کا پول کھول دیا
مودی سرکار کے اس انتقامی اقدام کے باعث 31 اکتوبر کو اس اسپورٹس کمپلیکس میں شیڈول سابق ایئر چیف کی الوداعی گالف تقریب بھی شرائط کے تحت منسوخ کرنا پڑی۔
بھارتی جریدے انڈین ایکسپریس کے ہوشربا انکشافات
معروف بھارتی جریدے انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، مودی سرکار کی ہٹ دھرمی اور بھارتی فضائیہ کے اسپورٹس کمپلیکس کی بندش کے سنگین نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
اس غیر ذمہ دارانہ اقدام سے 5 ہزار اہلکاروں کی تربیتی اور سیکیورٹی سہولیات شدید متاثر ہوئی ہیں، جبکہ اس سے وابستہ 300 سے زائد ملازمتیں بھی اب براہِ راست خطرے میں پڑ چکی ہیں۔
مودی سرکار کا یہ رویہ اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ اپنے سیاسی مفادات کے لیے ملکی اداروں کو بھی نقصان پہنچانے سے دریغ نہیں کر رہے۔





