دلہ زاک اور رنگ روڈ کی بندش سے ایمبولینسز، مسافر اور خواتین سڑکوں پر رُل گئیں، فضل الرحمان کے حامیوں کے احتجاج پر شہریوں کا ردعمل

پشاور: خود کو اسلام اور عوام کا ہمدرد کہلانے والی جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے پشاور میں ایک بار پھر عوام دشمنی کا کھلا مظاہرہ کرتے ہوئے شہر کی اہم شاہراہوں کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے، جبکہ دوسری طرف ان کے کھوکھلے دعوؤں کا پول کھل چکا ہے کیونکہ مقررہ وقت گزرنے کے باوجود پنڈال ویران اور کارکن غائب ہیں۔

پشاور ماڈل ڈگری کالج کے سامنے دلہ زاک روڈ اور مفتی محمود مرکز کے سامنے رنگ روڈ کو ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ جے یو آئی کے مٹھی بھر کارکنوں کی جانب سے سڑکیں بلاک کرنے کے نتیجے میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔

سڑکوں کی اس بندش کے باعث گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں، اور روزمرہ کے امور کے لیے نکلنے والے عام شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔

زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا مریضوں کی ایمبولینسز اس جان لیوا ٹریفک جام میں پھنسی ہوئی ہیں، جبکہ خواتین، معصوم بچے اور بزرگ شدید گرمی اور اذیت میں سڑکوں پر خوار ہو رہے ہیں۔

ایک طرف عوام کو سڑکیں بند کر کے عذاب میں مبتلا کیا جا رہا ہے تو دوسری طرف زمینی حقیقت یہ ہے کہ مفتی محمود مرکز کے اندر اور باہر صرف چند گنتی کے کارکن موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : دعویٰ ایک لاکھ کا اور میدان میں 20 افراد بھی نہیں، کرک میں فضل الرحمان کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے

 احتجاج شروع کرنے کا اعلان دو بجے کیا گیا تھا، مگر طویل انتظار کے باوجود کارکنان کی مطلوبہ تعداد تو کیا، بیس بندے بھی پنڈال کا رخ نہ کر سکے۔

کاغذی دعوے کرنے والوں کا یہ احتجاج شروع ہونے سے پہلے ہی بری طرح پٹ چکا ہے اور سیاسی دیوالیہ پن کا منہ بولتا ثبوت بن گیا ہے۔

شہریوں کی طرف سے یہ بنیادی سوال شدت سے اٹھایا جا رہا ہے کہ جو لوگ خود کو شریعت اور اسلام کا ٹھیکیدار سمجھتے ہیں، کیا اسلام یہی سکھاتا ہے کہ عوام کے راستے روکے جائیں، اسپارب جانے والی ایمبولینسز کو روکا جائے اور عام شہریوں کی زندگیوں سے کھیلا جائے؟

جب اپنی نام نہاد سیاست اور ذاتی مفادات کے لیے کوئی سیاسی جماعت عوام کو یرغمال بناتی ہے، تو پشاور کے باشعور عوام نے ایسی غنڈہ گردی اور کھوکھلے احتجاج کو سرے سے مسترد کر کے ان کی قلعی کھول دی ہے۔

Scroll to Top