فیلڈ مارشل عاصم منیر سے برطانوی چیف آف جنرل اسٹاف کی ملاقات، عسکری تعلقات کو مزید فروغ دینے کا عزم

راولپنڈی: برطانوی چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سر چارلس رولینڈ ونسنٹ واکر نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل تیاریوں کو سراہتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے لیے اس کی خدمات کا اعتراف کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق برطانوی چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سر چارلس رولینڈ ونسنٹ واکر نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

جی ایچ کیو آمد پر برطانوی مہمان کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی و سیکیورٹی تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر دونوں جانب سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فوجی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی ملاقات، علاقائی سلامتی اور سکیورٹی تعاون پر اہم گفتگو

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے برطانیہ کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔

برطانوی چیف آف جنرل اسٹاف نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کو سراہتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاک مسلح افواج کی خدمات کا اعتراف کیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق برطانوی چیف آف جنرل اسٹاف کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینے اور فوجی تعلقات مزید مستحکم بنانے کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے۔

Scroll to Top