عدالت کے تقدس کو پامال کرنے کی کوشش ناکام، ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں پی ٹی آئی کی غنڈہ گردی اور انتشار کا پلان فیل

پشاور:تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے قانون کی آنکھ میں دھول جھونکنے اور عدالتی احاطے کو اکھاڑہ بنانے کی ایک اور مذموم کوشش ناکام ہو گئی ہے۔

 انسداد دہشتگردی عدالت (اے ٹی سی) کی جانب سے ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں نامزد سابق صوبائی وزرا تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور پی ٹی آئی پشاور کے ضلعی صدر عرفان سلیم کی ضمانتیں منسوخ کیے جانے کے بعد صوبائی دارالحکومت میں پی ٹی آئی کی ایک بار پھر قانون کے خلاف محاذ آرائی اور فساد پھیلانے کی کوشش بے نقاب ہو گئی ہے۔

عدالت کا فیصلہ آتے ہی ملزمان نے قانون کے کٹہرے میں پیش ہونے کے بجائے ہائیکورٹ کا رُخ کیا، جہاں انصاف لائرز فورم کے غنڈہ گردی پر مبنی حربوں اور حفاظتی حصار کی آڑ میں عدالتوں کو دباؤ میں لانے کی گھناؤنی کوشش کی گئی۔

ضمانتیں خارج ہونے کے بعد جب یہ رہنما احاطہ عدالت سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے تو پولیس کی بھاری نفری، بشمول ایس ایس پی آپریشنز پشاور اور ایس پی کینٹ، نے موقع پر پہنچ کر قانون کی گرفت مضبوط کر دی۔

یہ بھی پڑھیں : 9  مئی ریڈیو پاکستان حملہ کیس، تیمور سلیم جھگڑا اور کامران بنگش کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ملتوی

ذرائع کے مطابق تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم ہائیکورٹ کے چیف جسٹس جسٹس عتیق شاہ کی عدالت (کورٹ روم نمبر ون) تک پہنچ گئے تاکہ کسی طرح گرفتاری سے بچ سکیں، تاہم ریاست کی رٹ اور قانون کے آہنی شکنجے نے ان کے تمام ہتھکنڈوں کو دھرنے کی نذر کر دیا۔

عوام نے اس صورتحال پر شدید ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی سیاست ہمیشہ توڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ اور قانون شکنی کے گرد گھومتی ہے، اور ریڈیو پاکستان حملہ کیس کے یہ کردار اب قانون کے کٹہرے سے زیادہ دیر تک نہیں بچ سکیں گے۔

Scroll to Top