پراسرار تکنیکی خرابیوں کا سلسلہ: پروازوں اور مائیکروسافٹ کے بعد اب امریکی خفیہ ایجنسی کا این ایس اے نیٹ بھی معطل

امریکا میں پراسرار تکنیکی خرابیوں کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا فضائی نظام اور عالمی سافٹ ویئر سروسز کے بعد اب امریکا کی طاقتور ترین انٹیلی جنس ایجنسی ’نیشنل سکیورٹی ایجنسی (NSA) کا انتہائی خفیہ اندرونی رابطہ نیٹ ورک اچانک بند ہو گیا ہے جس نے سکیورٹی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے باخبر ذرائع کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ این ایس اے نیٹ (NSA Net) نامی یہ حساس نیٹ ورک اچانک کام کرنا چھوڑ گیا ہے۔ 

یہ نظام ایجنسی کے اہلکاروں اور افسران کے درمیان انتہائی خفیہ اور حساس انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ 

اگرچہ اس غیر معمولی تعطل کی وجوہات جاننے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے تاہم حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں اس بندش کے پیچھے کسی غیر ملکی یا بیرونی سائبر حملے کے شواہد نہیں ملے۔

یہ تکنیکی بحران ایک ایسے انتہائی نازک وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایشیا کے انتہائی اہم دورے پر فلپائن میں موجود ہیں اور کل وہ چین روانہ ہونے والے ہیں جہاں ان کی چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے بڑی سفارتی ملاقاتیں طے ہیں۔

تاہم ایک موجودہ اور ایک سابق اعلیٰ امریکی عہدیدار نے اس تاثر کو مسترد کیا ہے کہ اس نیٹ ورک کی بندش سے قومی سلامتی کو کوئی فوری خطرہ لاحق ہوا ہے۔ 

حکام کے مطابق صدارتی طیارے ایئر فورس ون میں سوار صدر ٹرمپ کو ہنگامی اور خفیہ انٹیلی جنس معلومات کی ترسیل بدستور جاری رہے گی کیونکہ امریکی حکومت کے پاس صدر سے محفوظ رابطے برقرار رکھنے کے لیے متعدد متبادل اور بیک اپ مواصلاتی نظام موجود ہیں۔

انٹیلی جنس ایجنسی کے نظام میں یہ خرابی حالیہ دنوں میں امریکا کو مفلوج کرنے والے بڑے تکنیکی بحرانوں کی تیسری کڑی ہے:

فضائی نظام کی معطلی:
 ابھی گزشتہ جمعے ہی کو ایک بڑی تکنیکی خرابی کے باعث پورے امریکا میں فضائی آپریشن گھنٹوں تک جام رہا تھا جس سے ہزاروں پروازیں منسوخ یا شدید تاخیر کا شکار ہوئیں۔

مائیکروسافٹ کا عالمی تعطل:
 اس سے قبل گزشتہ ہفتے ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ کے سسٹمز میں آنے والی خرابی نے دنیا بھر میں کروڑوں صارفین کو آؤٹ لک ای میل اور ٹیمز میٹنگز سے محروم کر دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : دہائیوں سے سسٹم کا حصہ رہنے والے آج معصوم نہ بنیں، عوام اچھی گورننس چاہتے ہیں نہ کہ فساد کی سیاست، عطا تارڑ کا چیئرمین پی پی پی پر سخت ردعمل

اگرچہ امریکی میڈیا اور تفتیشی اداروں کی جانب سے اب تک این ایس اے فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) اور مائیکروسافٹ میں آنے والی ان پے در پے خرابیوں کو سائبر حملہ قرار نہیں دیا گیا لیکن اتنے کم وقفے میں انتہائی حساس اداروں کے نظام کا بیٹھ جانا کئی سنگین سوالات کو جنم دے رہا ہے۔

Scroll to Top