فوجی حکام اور قبائلی مشران کا شانہ بشانہ عزم، میرعلی وزیرستان میں امن دشمنوں کے لیے زمین تنگ، گرینڈ جرگے کا تاریخی فیصلہ

میرعلی:شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور جاری آپریشنز کے حوالے سے پاک فوج کے مقامی حکام اور قبائلی عمائدین کے درمیان ایک اہم اور جامع گرینڈ جرگہ منعقد ہوا۔ 

تحصیل میرعلی کی فقیران مسجد میں ہونے والے اس باوقار جرگے میں پاک فوج کے مقامی جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی)، علاقے کے معتبر قبائلی عمائدین، مشران اور جید علماء کرام نے بھرپور شرکت کی۔

جرگے کے دوران اس بات پر خصوصی روشنی ڈالی گئی کہ کچھ ملک دشمن عناصر اور مفاد پرست عناصر اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے مسلسل پروپیگنڈا کر رہے ہیں اور عوام اور ہماری غیور پاک فوج کے درمیان خلیج اور نفرت پیدا کرنے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں۔

 شرکاء نے متفقہ طور پر اس امر کا اعادہ کیا کہ عوام اور سیکیورٹی فورسز ایک ہی صف میں کھڑے ہیں، اور ایسے تمام سازشی عناصر کے ناپاک عزائم کو ہر صورت خاک میں ملا دیا جائے گا۔

جرگے کے شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج نے ہمیشہ مشکل ترین حالات میں عوام کا ساتھ دیا ہے اور مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔

چاہے ملک میں کوئی بھی قدرتی آفت جیسے سیلاب یا زلزلہ آیا ہو، پاک فوج کے جوان ہمیشہ سب سے پہلے متاثرہ عوام کی مدد کے لیے پیش پیش رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : بدلتا، نکھرتا مضبوط خیبر پختونخوا، گڈ گورننس کا عملی روپ، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کی سخت مانیٹرنگ، عوام کا حق مارنے والے مافیا پر شکنجہ تنگ

 اس کے علاوہ سرحدوں پر دشمن کے ناپاک عزائم کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے ہمارے جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا ہے اور ملک و قوم کے امن کی خاطر بے مثال قربانیاں دی ہیں۔

اجلاس کے دوران علاقے میں جاری سیکیورٹی آپریشنز، امن و امان کی مجموعی صورتحال اور فورسز و مقامی آبادی کے درمیان باہمی روابط کے فروغ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ عسکریت پسندی کے مکمل خاتمے اور معمولاتِ زندگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

 اجلاس میں شریک قبائلی مشران اور علماء کرام نے سیکیورٹی فورسز کے اقدامات کی بھرپور تائید کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

جرگہ کے پرامن اور خوشگوار ماحول کے دوران مقامی بچوں نے بھی سیکیورٹی اہلکاروں سے خصوصی ملاقات کی اور ان کے ساتھ خوشگوار وقت گزارا۔

 اس پُرمحبت منظر نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ پاک فوج اور یہاں کے باسیوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور یہ رشتہ باہمی محبت، اعتماد اور اخوت پر مبنی ہے۔

Scroll to Top