راولپنڈی:پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے صوبہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم ’فتنہ الخوارج‘ کے دہشت گردوں کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے 22 خوارج کو جہنم واصل کر دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 16 اور 17 نومبر کو جنوبی وزیرستان، بنوں اور ٹانک میں دہشت گردوں کے خلاف الگ الگ کارروائیاں کیں، جن میں بھارتی سرپرستی یافتہ ’فتنہ الخوارج‘ کے 22 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع جنوبی وزیرستان میں خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (آئی بی او) کیا۔
آپریشن کے دوران جوانوں نے خوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں گھیرے میں لے کر نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی سرپرستی میں سرگرم ’فتنہ الخوارج‘ کے 15 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں : جنوبی وزیرستان میں خفیہ و مشکوک نقل و حرکت پر سیکیورٹی فورسز کی کاری ضرب، 10 سے زائد بھارتی پراکسی خوارج جہنم واصل
دوسری جانب ضلع بنوں میں ہونے والی دو الگ الگ جھڑپوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے خوارج کی کمین گاہوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 6 خوارج ہلاک ہو گئے۔ اسی طرح ضلع ٹانک میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں مزید ایک خارجی کو مار گرایا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک ہونے والے بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے، جبکہ یہ دہشت گرد علاقے میں سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔ علاقے میں کسی بھی مزید خارجی کی موجودگی کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان کے تحت منظور کردہ وژن ’عزمِ استحکام‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف بھرپور مہم پوری شدت کے ساتھ جاری رہے گی، تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کی لعنت کا مکمل صفایا کیا جا سکے۔





