جنوبی وزیرستان میں خفیہ و مشکوک نقل و حرکت پر سیکیورٹی فورسز کی کاری ضرب، 10 سے زائد بھارتی پراکسی خوارج جہنم واصل

پشاور : سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے سپنکئی میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک بھرپور اور کامیاب آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے ایک اہم ٹھکانے کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 10 سے زائد خوارج ہلاک ہو گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز کو علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی اور تخریبی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کے حوالے سے مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں، جس پر فوری اور مؤثر کارروائی عمل میں لائی گئی۔

آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے ٹھکانے کو گھیرے میں لے کر نشانہ بنایا گیا، جس سے دہشت گردوں کا نیٹ ورک تباہ ہو گیا اور 10 سے زائد خوارج موقع پر ہی مارے گئے۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے خوارج علاقے میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور معصوم شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔

یہ بھی پڑھیں : گورنر ہاؤس پشاور میں فیصل کریم کنڈی اور سوئس سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات، نئے معاہدوں اور اسٹوڈنٹ ڈپلومیسی کے فروغ پر اتفاق

 کارروائی کے بعد علاقے میں کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیشِ نظر سرچ اور کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا تاکہ بچے کھچے عناصر کا مکمل صفایا یقینی بنایا جا سکے۔

حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ عزمِ استحکام ویژن کے تحت ملک اور بالخصوص خیبرپختونخوا میں پائیدار امن کے قیام اور دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں پوری قوت اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ جاری رہیں گی، اور کسی بھی شرپسند عنصر کو امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Scroll to Top