سینڈ پیپر اسکینڈل سے متعلق نئے انکشافات نے آسٹریلوی کرکٹ میں ایک بار پھر ہلچل مچا دی ہے۔
ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز کی قیادت بھی سوالیہ نشان بن گئی ہے اور ان سے استعفے کا مطالبہ شدت اختیار کرنے لگا ہے۔
آسٹریلوی وزیر کھیل انیکا ویلز نے کہا ہے کہ ملک میں کرکٹ کھیلنے والا ہر بچہ اس معاملے کی حقیقت جاننا چاہتا ہے لہٰذا کرکٹ آسٹریلیا کی ذمہ داری ہے کہ وہ تمام حقائق منظر عام پر لائے۔
آسٹریلوی اخبار دی آسٹریلین کے سینئر اسپورٹس صحافی رابرٹ کریڈوک نے اپنے مضمون میں مؤقف اختیار کیا کہ بین کروفٹ کے تازہ انکشافات کے بعد پیٹ کمنز کی ٹیسٹ کپتانی کا فوری طور پر جائزہ لیا جانا چاہیے۔
اس تنازع نے اس وقت دوبارہ سر اٹھایا جب سابق آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ کی کتاب صبر میں پوری ٹیم کے بال ٹیمپرنگ میں ملوث ہونے کے الزامات سامنے آئے۔
سابق آسٹریلوی بلے باز ڈیوڈ وارنر اور اسکینڈل کے مرکزی کردار کیمرون بین کروفٹ نے بھی ان الزامات کی تائید کی تاہم پیٹ کمنز نے انہیں بے بنیاد اور احمقانہ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی ٹیسٹ کا تیسرا روز: سری لنکا کی 82 رنز کی برتری، پاکستان فتح کے قریب
یاد رہے کہ 2018 میں جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران کیمرون بین کروفٹ کو سینڈ پیپر کے ذریعے گیند کی حالت تبدیل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے پکڑا گیا تھا۔
اس واقعے کے بعد اس وقت کے کپتان اسٹیو اسمتھ سمیت تین آسٹریلوی کھلاڑیوں کو پابندیوں اور سزاؤں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔





