گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے خزانہ، محصولات، ایکسائز و ٹیکسیشن، موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیات طارق محمود پاشا نے سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (SCCI) کے دورے کے موقع پر کاروباری برادری کو درپیش ٹیکس اور انتظامی رکاوٹوں کے خاتمے کی یقین دہانی کراتے ہوئے ایف بی آر سے متعلق مسائل کے حل کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز پیش کر دی ہے جبکہ واضح کیا ہے کہ برآمدات پر ٹیکس عائد نہیں ہونا چاہیے اور ہوٹلوں سے واجب الادا بیڈ ٹیکس کی وصولی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔
مشیر خزانہ طارق محمود پاشا نے سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا جہاں چیمبر کے صدر ملک عمران اسحاق اور کاروباری و صنعتی برادری کے سرکردہ نمائندوں نے ان کا خیرمقدم کیا۔
ملاقات کے دوران صوبے کی مجموعی معاشی صورتحال، تجارتی و صنعتی سرگرمیوں کے فروغ، ٹیکس نظام کی اصلاحات، سرمایہ کاری کے نئے مواقع اور تاجر برادری کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے طارق محمود پاشا نے صوبے کی معاشی ترقی میں کاروباری طبقے کے کردار کو کلیدی اہمیت کا حامل قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور نجی شعبے کے مابین مضبوط رابطوں، مسلسل مشاورت اور مؤثر تعاون ہی سے معاشی سرگرمیوں کو تیزی سے آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (SMEs) کو ملکی معیشت کی مضبوطی کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی بھرپور سرپرستی اور ترقی کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
مشیر خزانہ نے کہا کہ انہیں اپنے صوبے میں پہلی بار عوامی خدمت کا موقع میسر آیا ہے اور وہ اس ذمہ داری کو احسن طریقے سے نبھاتے ہوئے کاروباری برادری کے مسائل حل کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے ٹیکس نظام کو سادہ اور کاروبار دوست بنانے، غیر ضروری ضابطہ جاتی رکاوٹیں ختم کرنے اور سرمایہ کاروں کو سہولیات دینے کے لیے متعلقہ سرکاری اداروں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے پر زور دیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کا پیشہ ورانہ پس منظر ٹیکس کے شعبے سے وابستہ ہے اور وہ ٹیکسوں کے نفاذ، وصولی اور نظام کو مؤثر بنانے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔
تاجروں کے وفاقی ٹیکس مسائل کے حل کے لیے طارق محمود پاشا نے ایف بی آر سے متعلق امور نمٹانے کی خاطر ایک مشترکہ کمیٹی بنانے کی تجویز دی اور کہا کہ وہ خود بھی اس کمیٹی میں شامل ہونے کے لیے تیار ہیں تاکہ ایف بی آر حکام کے ساتھ بیٹھ کر عملی نتائج حاصل کیے جا سکیں۔
اسی طرح انہوں نے یقین دلایا کہ کیپرا (KPRA) اور محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سے جڑے ٹیکس معاملات اور تاجروں کے تحفظات پر بھی باہمی مشاورت سے قابلِ عمل حل نکالا جائے گا۔
ٹیکس اصلاحات پر بات کرتے ہوئے مشیر خزانہ نے اس بات کو اہم قرار دیا کہ موجودہ ٹیکس دہندگان پر غیر ضروری بوجھ ڈالے بغیر نئے کاروباری شعبوں کو معیشت کا حصہ بنا کر ٹیکس نیٹ کو وسعت دی جائے۔
اجلاس میں ٹیکس وصولی کے عمل میں شفافیت لانے، ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے اور کاروباری رجسٹریشن کا طریقہ کار آسان بنانے کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔
طارق محمود پاشا نے برآمدات کے فروغ کو ملکی معیشت کے استحکام کے لیے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے دوٹوک مؤقف اپنایا کہ برآمدات پر ٹیکس عائد نہیں ہونا چاہیے کیونکہ حکومتی پالیسی برآمدات میں اضافے اور تجارت کے فروغ پر مرکوز ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اندرونی اختلافات کے باوجود نئے صوبوں کی حمایت ہوگی، پیپلز پارٹی کی آئندہ سیاست پر غریدہ فاروقی کے ہوشربا انکشافات!
تاہم انہوں نے واضح کیا کہ صوبے میں ہوٹلوں کی جانب سے واجب الادا بیڈ ٹیکس کی عدم ادائیگی کے معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا اور جن ہوٹلوں پر قانون کے تحت ٹیکس واجب الادا ہے ان سے وصولی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔
ملاقات کے اختتام پر سرحد چیمبر کے صدر ملک عمران اسحاق نے چیمبر آمد اور کاروباری برادری کے مسائل کے حل میں گہری دلچسپی لینے پر مشیر خزانہ طارق محمود پاشا کا شکریہ ادا کیا۔





