جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمان سرکاری سیکیورٹی واپس لیے جانے اور اسلام آباد میں رہائش گاہ کے باہر پولیس نفری تعینات ہونے کے بعد رات گئے پشاور منتقل ہو گئے ہیں، جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کڑی تنقید کی جا رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فضل الرحمان نے اسلام آباد کے پرتعیش علاقے میں واقع اپنی رہائش گاہ چھوڑ کر پشاور جانے اور وہاں کسی نجی گھر کے بجائے طلبہ کی ڈھال میں جماعت کے دفتر مفتی محمود مرکز میں قیام کرنے کا فیصلہ کیا۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد میں سرکاری سیکیورٹی واپس لینے کے بعد ان کی رہائش گاہ کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی تھی۔
ذرائع اور میڈیا رپورٹس کے مطابق اس صورتحال کے بعد مولانا فضل الرحمان نے قریبی ساتھیوں سے مشاورت کی اور رات کے پہر اسلام آباد سے پشاور روانہ ہو گئے، جہاں مفتی محمود مرکز میں طلبہ کی ڈھال میں رہائش اختیار کر لی ہے۔
اس منتقلی پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ سوشل میڈیا پر تبصرہ کرنے والے صارفین کا کہنا ہے کہ جو قیادت ریاستی اداروں کو دھمکیاں دے رہی تھی اور ان کے خلاف سخت بیانات جاری کر رہی تھی، سیکیورٹی ہٹتے ہی ڈر اور خوف کے باعث اسلام آباد چھوڑ کر پشاور منتقل ہو گئی۔
سوشل میڈیا صارفین نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ریاست کے ساتھ ٹکراؤ کی سیاست ممکن نہیں اور جب گھیرا تنگ ہوا اور مبینہ کرپشن پر جواب طلبی شروع ہوئی تو شدید ردعمل سامنے آنے لگا۔
وی وی آئی پی مراعات اور ایف سی پلاٹون کی واپسی
میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومتی ہدایت پر فضل الرحمان ان کے صاحبزادے اسعد محمود اور جے یو آئی (ف) کے سیکریٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری کی وی وی آئی پی سیکیورٹی واپس لینے کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : انصار الاسلام نہ سرکاری تنظیم ہے اور نہ اسے اسلحہ رکھنے کی سرکاری اجازت حاصل ہے، اسلام آباد میں سرِعام مسلح نقل و حرکت پر فوری پابندی لگائی جائے، شہریوں کا مطالبہ
اس کے علاوہ ڈیرہ اسماعیل خان میں فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر تعینات فرنٹیئر کور (ایف سی) کی پوری پلاٹون بھی واپس بلا لی گئی جبکہ پولیس کی خصوصی سیکیورٹی بھی ختم کر دی گئی۔
دوسری جانب جے یو آئی (ف) کے ذرائع نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی پشاور آمد اور مفتی محمود مرکز میں قیام کا مقصد کارکنوں کی بڑی تعداد کی موجودگی اور تنظیمی و سیاسی سرگرمیوں کو مؤثر انداز میں جاری رکھنا ہے لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔
واضح رہے کہ فضل الرحمان کو ماضی میں لاحق سیکیورٹی خدشات اور اہم سرکاری و پارلیمانی مناصب پر فائز رہنے کے باعث اسلام آباد اور ڈیرہ اسماعیل خان میں خصوصی سیکیورٹی فراہم کی گئی تھی، تاہم حالیہ دنوں میں مقتدر حلقوں اور جے یو آئی (ف) کی قیادت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بعد یہ سیکیورٹی واپس لی گئی ہے۔
جے یو آئی (ف) کی قیادت اسے خیبر پختونخوا میں اپنے روایتی سیاسی گڑھ میں کارکنوں کو متحرک کرنے کی حکمت عملی کے طور پر پیش کر رہی ہے۔ آنے والے دنوں میں فریقین کے درمیان یہ سیاسی کھینچا تانی مزید شدت اختیار کر سکتی ہے۔





