انصار الاسلام نہ سرکاری تنظیم ہے اور نہ اسے اسلحہ رکھنے کی سرکاری اجازت حاصل ہے، اسلام آباد میں سرِعام مسلح نقل و حرکت پر فوری پابندی لگائی جائے، شہریوں کا مطالبہ

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کی ذیلی تنظیم انصار الاسلام کے کارکنوں کی مبینہ اسلحہ نمائش، پولیس اہلکاروں کی گاڑی پر حملے کے الزامات اور مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ سے منسوب ایک مبینہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد عوامی، سیاسی اور قانونی حلقوں میں شدید بحث چھڑ گئی ہے۔

 سوشل میڈیا صارفین شہریوں اور ناقدین کی جانب سے ان واقعات کی شفاف تحقیقات اور تنظیم پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

 غیر سرکاری حیثیت اور پابندی کا مطالبہ

سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں گردش کرنے والی اطلاعات اور بیانات کے مطابق شہریوں کی جانب سے اس بات پر شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ انصار الاسلام نہ تو کوئی سرکاری فورس ہے اور نہ ہی اسے اسلحہ رکھنے کی سرکاری اجازت حاصل ہے، اس کے باوجود دارالحکومت میں اس کے کارکنوں کی مبینہ مسلح نقل و حرکت دیکھی جا رہی ہے۔

 شہریوں کا مطالبہ ہے کہ اسلام آباد میں سرِعام مسلح نقل و حرکت پر فوری پابندی لگائی جائے، تنظیم کی قانونی حیثیت کا ازسرِنو جائزہ لیا جائے اور ریاست میں قانون کی بالادستی یقینی بناتے ہوئے قانون شکنی کے مرتکب افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔

اسلحہ اور رقم کی منتقلی سے متعلق مبینہ ویڈیو

اس معاملے میں مزید شدت اس وقت آئی جب سوشل میڈیا پر مولانا فضل الرحمٰن کی اسلام آباد رہائش گاہ سے منسوب ایک مبینہ ویڈیو منظرِ عام پر آئی۔ وائرل کلپ کے حوالے سے ناقدین کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ویڈیو میں مبینہ طور پر 16 کلاشنکوفیں، 25 پستول اور ایک کروڑ 35 لاکھ روپے کی رقم کسی دوسرے مقام پر منتقل کرنے کی ہدایات سنائی دے رہی ہیں، جبکہ گفتگو میں پولیس چھاپے اور ممکنہ کارروائی کے خدشے کا بھی ذکر موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں : فضل الرحمٰن کے خاندانی اثاثوں، مہنگی رہائش گاہوں، لیکسز گاڑیوں اور بیرونِ ملک دوروں پر عوام کا دستاویزی شواہد پیش کرنے کا مطالبہ

 مبصرین اور ناقدین کا کہنا ہے کہ متعلقہ تحقیقاتی اداروں کو اس ویڈیو کا فوری فرانزک تجزیہ کر کے اس کی صداقت اور اصل حقائق عوام کے سامنے لانے چاہئیں۔

 سیکیورٹی واپسی اور پولیس گاڑی پر مبینہ حملہ

رپورٹس کے مطابق سرکاری احکامات پر مولانا فضل الرحمٰن سے سرکاری سیکیورٹی واپس لیے جانے کے بعد صورتحال میں کشیدگی پیدا ہوئی۔

 الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ سیکیورٹی واپسی کے بعد انصار الاسلام کے مبینہ مسلح کارکنوں نے پولیس اہلکاروں کی ایک گاڑی کو روک کر اس پر حملہ کیا اور اسے نقصان پہنچایا۔

عوام کا مؤقف ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی گاڑی روکنا اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا امن و امان اور قانون کی عملداری پر سنگین سوالیہ نشان ہے، جس کی شفاف تحقیقات ناگزیر ہیں۔

Scroll to Top