سینئر صحافی ارشد عزیز ملک نے ہزارہ اور جنوبی پنجاب کو الگ صوبے بنانے کے حوالے سے صوبائی اسمبلیوں سے منظور ہونے والی قراردادوں پر عملدرآمد نہ ہونے پر سیاسی جماعتوں اور ان کی قیادت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
نئے صوبوں کے قیام سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ارشد عزیز ملک نے کہا کہ یہ امر انتہائی افسوسناک اور بدنیتی پر مبنی ہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی سے ہزارہ صوبے کے قیام کی دو مرتبہ منظوری دی گئی جبکہ پنجاب اسمبلی نے بھی جنوبی پنجاب کے حق میں قرارداد پاس کی، مگر کسی بھی سیاسی جماعت نے ان فیصلوں کو عملی شکل دینے کے لیے کوئی ٹھوس پیش رفت نہیں کی۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں اور قائدین کا وطیرہ محض کسی معاملے کو ایوان میں پیش کرنا، اس پر تقاریر کرنا اور پھر اسے سرد خانے کی نذر کر دینا بن چکا ہے۔ اگر سیاسی قیادت واقعی نئے انتظامی یونٹس یا صوبوں کے قیام میں مخلص ہوتی تو اب تک اس سمت میں عملی اقدامات اٹھائے جا چکے ہوتے۔
سینئر صحافی نے نشاندہی کی کہ خیبرپختونخوا اسمبلی نے 2014 میں ہزارہ صوبے کے حق میں قرارداد منظور کی تھی، تاہم بارہ برس کا طویل عرصہ بیت جانے کے باوجود یہ مطالبہ پورا نہیں ہو سکا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ سیاسی جماعتیں اس حساس معاملے پر سنجیدہ نہیں ہیں۔
آئین کے آرٹیکل 239 کی ذیلی شق 4 کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ ملک میں نئے صوبوں کی تشکیل کے لیے ایک واضح آئینی طریقہ کار موجود ہے، جس کے مطابق متعلقہ صوبائی اسمبلی کی دو تہائی اکثریت سے منظوری اور بعد ازاں پارلیمان سے آئینی قانون سازی ناگزیر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہزارہ صوبے کی قرارداد کی منظوری کے بعد مرکز میں مختلف ادوار میں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی حکومتیں برسراقتدار رہیں لیکن کسی بھی حکمران جماعت نے اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانے کی کوشش نہیں کی۔
یہ بھی پڑھیں :پشاور کے تاریخی اسٹیڈیم سے عمران خان کا نام ہٹانے اورارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کا نام بحال کرنے کا اعلان
ارشد عزیز ملک کے بقول نئے صوبوں کے قیام کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ سیاسی قیادت کی عدم دلچسپی ہے، جہاں اسمبلیوں میں قراردادیں منظور کر کے محض سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی جاتی ہے اور عملدرآمد کے مرحلے پر خاموشی اختیار کر لی جاتی ہے۔





