مانسہرہ پولیس نے فرض شناسی اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو روز قبل دورانِ ڈیوٹی پولیس اہلکاروں پر حملہ کر کے انہیں زخمی کرنے والے خطرناک ملزمان کے خلاف کامیاب کارروائی کی ہے جس کے دوران پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کرنے والا مرکزی ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہو گیا۔
تھانہ صدر مانسہرہ کی حدود لساں ٹھکرال روڈ پر پیش آنے والے اس مقابلے میں پولیس اہلکاروں نے بہادری سے جوابی کارروائی کرتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کے عزائم ناکام بنا دیے اور جائے وقوعہ سے اسلحہ برآمد کر لیا جبکہ اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے والے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں بھرپور سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن جاری ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ صدر مانسہرہ کی حدود لساں ٹھکرال روڈ پر بلہگ کے قریب پولیس کو مصدقہ اطلاع موصول ہوئی کہ دو روز قبل دورانِ ڈیوٹی پولیس پارٹی پر فائرنگ کر کے انچارج ٹاؤن شپ چوکی محمد رضوان خان اور کانسٹیبل عاصم ستار کو زخمی کرنے والا ملزم اپنے دیگر مسلح ساتھیوں کے ہمراہ علاقے میں چھپا ہوا ہے۔
اطلاع ملتے ہی مانسہرہ پولیس کی نفری نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کیا۔
اس دوران ملزمان نے گرفتاری سے بچنے کے لیے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس پر پولیس اہلکاروں نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت سے مناسب آڑ حاصل کی اور حقِ خود اختیاری کے تحت بھرپور جوابی کارروائی کی۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا سلسلہ رکنے کے بعد جب علاقے میں سرچ اور تلاشی کا عمل مکمل کیا گیا تو ایک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو کر ہلاک پایا گیا جبکہ اس کے دیگر ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت طاہر ولد عبدالمجید سکنہ چمہٹی ایبٹ آباد حال ٹاؤن شپ مانسہرہ کے نام سے کر لی گئی ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے اسلحہ بھی قبضے میں لے لیا ہے جبکہ فرار ہونے والے دیگر ملزمان کو قانون کی گرفت میں لانے کے لیے علاقے میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن تیزی سے جاری ہے۔
مانسہرہ کے شہریوں اور سماجی حلقوں نے پولیس اہلکاروں پر حملے میں ملوث ملزمان کے خلاف بروقت کارروائی پر خیبرپختونخوا پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاک فضائیہ کے شاہینوں اور ایٹمی پاکستان کے لیے تاریخی نغمے گانے والا عظیم گلوکار محسن رضا خان المعروف ’بنی‘ چل بسا!
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والے اور امن کے محافظوں پر گولیاں چلانے والے جرائم پیشہ عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں اور پولیس کی جانب سے جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف بلاخوف و خطر کارروائیاں علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے نہایت خوش آئند ہیں۔
شہریوں نے امید ظاہر کی ہے کہ فرار ہونے والے دیگر ملزمان کو بھی جلد گرفتار کر کے کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔





