پاکستان کی فعال و کامیاب خارجہ پالیسی، پرتگال کا پاکستان کے لیے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کی حمایت کا اعلان !

پاکستان کی فعال خارجہ پالیسی، معاشی سفارتکاری اور ریاستی و سیکیورٹی اداروں کے استحکام کی بدولت عالمی برادری میں پاکستان کے وقار اور اعتماد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کی تازہ مثال پرتگال کی جانب سے پاکستان کے لیے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کی حمایت کا اعلان ہے۔ 

وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں جی ایس پی پلس سہولت کے تسلسل کی حمایت اور سفارتی پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزے کی شرط کے خاتمے کے معاہدے نے دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دے دی ہے، جبکہ صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات میں تجارتی و سرمایہ کاری تعاون کو مزید وسعت دینے پر بھی زور دیا گیا۔

پرتگالی وزیر خارجہ نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران پاکستان کے لیے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کی حمایت کا اعلان کیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزے کی شرط ختم کر دی جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پرتگالی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جی ایس پی پلس سہولت کے تحت پاکستان کی حمایت جاری رکھنا دوطرفہ معاشی روابط کے لیے نہایت اہم ہے۔

ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیکسٹائل، سیاحت، تعلیم اور ثقافتی تبادلوں کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پرتگالی وزیر خارجہ نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کی جس کے دوران صدر زرداری نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کی تجویز دی۔

اس موقع پر پرتگالی وزیر خارجہ نے صدر مملکت کو آگاہ کیا کہ پرتگال کے وزیر زراعت جلد پاکستان کا دورہ کریں گے جس سے زرعی شعبے میں تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں : پی ایم ڈی سی کی ڈاکٹرز، میڈیکل گریجویٹس اور طلبہ کو خدمات کے نام پر پیسے بٹورنے والوں سے محتاط رہنے کی ہدایت !

اس سے قبل نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پرتگالی وزیر خارجہ نے خطے اور عالمی سطح پر قیامِ امن، سفارتکاری اور بات چیت کے فروغ میں پاکستان کے مؤثر اور مثبت کردار کو کھلے دل سے سراہا۔

سفارتی، کاروباری اور عوامی حلقوں نے پرتگال کی جانب سے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کی حمایت اور دوطرفہ معاہدوں کو پاکستان کی معاشی بحالی اور عالمی ساکھ میں بہتری کا اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔

Scroll to Top