ریاستی نظم و نسق میں شفافیت، قانون کی حکمرانی اور شہریوں کو دہلیز پر فوری انصاف کی فراہمی کے لیے خیبرپختونخوا کے محکمہ قانون اور ماتحت اداروں نے گزشتہ 45 روز کے دوران نمایاں اصلاحات اور عملی اقدامات کیے ہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے قانون، محنت و بین الصوبائی رابطہ عامر جاوید نے میڈیا بریفنگ کے دوران واضح کیا کہ صوبائی خزانے پر ایک پیسہ بھی خرچ کیے بغیر اداروں کی استعدادِ کار بڑھائی جا رہی ہے جبکہ گزشتہ ڈھائی سال کے دوران مبینہ طور پر مخصوص افراد کے مفادات کے لیے بنائے گئے 14 قوانین کی آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے جانچ پڑتال جاری ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے قانون، محنت و بین الصوبائی رابطہ عامر جاوید نے محکمہ قانون اور اس کے ماتحت اداروں کی گزشتہ 45 روزہ کارکردگی، اصلاحات اور اقدامات کے حوالے سے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں کو تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا، سیکرٹری محکمہ قانون، ڈائریکٹر جنرل قانون و انسانی حقوق، ڈائریکٹر جنرل محتسب اور صوبائی خاتون محتسب برائے تحفظِ خواتین بھی موجود تھے، جنہوں نے اپنے اپنے اداروں کی گزشتہ 45 روزہ کارکردگی اور اہم کامیابیوں سے میڈیا کو آگاہ کیا۔
عامر جاوید نے کہا کہ جاری اصلاحات کا بنیادی مقصد عوامی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانا، اداروں کی استعدادِ کار میں اضافہ اور شفافیت و احتساب کو یقینی بنانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد،محکمہ موسمیات
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ڈھائی سال کے دوران منظور کیے گئے قوانین کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ مبینہ طور پر مخصوص افراد کے مفادات کے لیے بنائے گئے 14 قوانین کی جانچ پڑتال جاری ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ تمام اقدامات آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے کیے جا رہے ہیں اور مقصد اداروں کو ختم کرنا نہیں بلکہ موجودہ نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
ایڈووکیٹ جنرل نے میڈیا کو بتایا کہ گزشتہ 45 دنوں کے دوران 6760 مقدمات دائر ہوئے جبکہ 1402 مقدمات کے فیصلے ہوئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ایڈووکیٹ جنرل آفس میں مقدمات کی مؤثر نگرانی، لاء آفیسرز اور سرکاری وکلاء کی کارکردگی کا جائزہ لینے اور احتساب کو یقینی بنانے کے لیے صوبائی خزانے پر کسی قسم کا مالی بوجھ ڈالے بغیر ڈیجیٹل کیس مینجمنٹ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل قانون و انسانی حقوق نے بتایا کہ 11 نومبر 2026 کو انٹیگریٹڈ ہیومن رائٹس پورٹل کا افتتاح کیا گیا جس کے ذریعے انسانی حقوق کے تحفظ سے متعلق 13 اداروں کو ڈیجیٹل طور پر منسلک کیا گیا ہے تاکہ اداروں کے مابین رابطہ کاری اور شکایات کے ازالے کے عمل کو مؤثر بنایا جا سکے۔
عوام کو ضلعی سطح پر شکایات درج کرانے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے صوبے کے تمام 37 اضلاع میں شکایتی بکس نصب کیے گئے ہیں جبکہ ہر ضلع میں فوکل پرسنز بھی نامزد کیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ تمام اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز کے دفاتر میں انسانی حقوق سے متعلق آگاہی بینرز بھی آویزاں کیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ انسانی حقوق کی 197 خلاف ورزیوں کی نشاندہی کر کے ان پر کارروائی کا عمل شروع کیا گیا ہے جبکہ یورپی یونین کے جی ایس پی پلس کے تحت بین الاقوامی رپورٹنگ کے لیے ای پورٹل بھی قائم کیا گیا ہے۔
سرکاری مقدمات کی کارکردگی اور احتساب کو بہتر بنانے کے لیے 3296 سول مقدمات کا جائزہ لیا گیا جن میں سے 400 سے زائد مقدمات کو تفصیلی جانچ پڑتال اور آڈٹ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ماحولیاتی انصاف، خواتین، امن و سلامتی، اندرونی طور پر بے گھر افراد اور بچوں کے حقوق سے متعلق مختلف تربیتی اور آگاہی سرگرمیوں کا انعقاد بھی کیا گیا۔
مشیر عامر جاوید نے صوبائی محتسب کے حوالے سے بتایا کہ شکایات کے اندراج کے نظام کو ڈیجیٹل بنایا جا رہا ہے جبکہ مزید چار ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں محتسب کے دفاتر قائم کیے جا رہے ہیں۔
عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے کھلی کچہریوں کا انعقاد بھی جاری ہے، جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز (ریلیف و انسانی حقوق) کو محتسب کے بعض اختیارات تفویض کرنے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔
صوبائی محتسب برائے تحفظِ خواتین از ہراسگی نے بتایا کہ گزشتہ 45 دنوں کے دوران ان کے دفتر میں 3200 سماعتیں کی گئیں، جبکہ خواتین کے وراثتی حقوق سے متعلق مقدمات میں 27 کروڑ روپے مالیت کی جائیداد مستحقین کے حوالے کی گئی۔
خواتین کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کے لیے صوبے کے تمام اضلاع اور ڈویژنز میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے جبکہ ایسے علاقوں میں جہاں زمینوں کا باقاعدہ ریکارڈ موجود نہیں، وراثتی معاملات کے حل کے لیے کمیشن بھی بھجوائے جا رہے ہیں۔
عامر جاوید نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام اصلاحات کا مقصد اداروں کو مضبوط بنانا، شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانا اور عوامی خدمات کو شہریوں کی دہلیز تک پہنچانا ہے تاکہ لوگوں کو اپنے ہی اضلاع اور ڈویژنل سطح پر بروقت ریلیف اور انصاف میسر آ سکے اور انہیں غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان عالمی دنیا کی توجہ کا مرکز: مکہ دفاعی معاہدے کے تحت سعودی و ترک اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت کی اسلام آباد آمد!
انہوں نے خصوصی طور پر واضح کیا کہ یہ تمام اقدامات اور اصلاحات صوبائی خزانے پر ایک پیسہ بھی خرچ کیے بغیر مکمل کیے گئے ہیں۔
قانونی ماہرین، خواتین کے حقوق کے کارکنوں اور عوامی حلقوں نے بغیر اضافی مالی بوجھ کے ڈیجیٹل نظام کے اجرا، 27 کروڑ روپے کی وراثتی جائیداد کی واپسی اور 37 اضلاع تک شکایتی نظام کے پھیلاؤ کو ایک مؤثر انتظامی قدم قرار دیا ہے۔
شہریوں اور مبصرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ ادوار میں مخصوص مفادات کے لیے قوانین سازی اور اداروں کی کمزوری کے برعکس آئینی دائرے میں رہتے ہوئے نظام کی اصلاح، ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن اور شہریوں کو مقامی سطح پر ریلیف کی فراہمی ہی عوامی اعتماد کی بحالی اور مضبوط ریاستی ڈھانچے کی علامت ہے۔





