سونے کے نرخوں میں 2300 روپے کی کمی

ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 2300 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد فی تولہ سونا 3 لاکھ 87 ہزار 836 روپے کا ہو گیا ہے۔

 آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت میں 1 ہزار 972 روپے کمی ہوئی جس سے یہ 3 لاکھ 32 ہزار 506 روپے پر آ گیا، جبکہ عالمی بازار میں سونا 23 ڈالر کم ہو کر 3 ہزار 653 ڈالر فی اونس ہو گیا۔

دوسری جانب عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں اتار چڑھاؤ بھی دیکھا گیا، جہاں امریکی ڈالر کی مضبوطی اور فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں مزید اضافے کے خدشات کے باوجود سونا تین ہفتوں میں پہلی بار ہفتہ وار اضافے کی طرف بڑھتا نظر آیا۔

یہ بھی پڑھیں : صارفین کے لیے اچھی خبر، ایل پی جی کے نرخوں میں کمی

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسپاٹ گولڈ کی قیمت 2.1 فیصد اضافے کے بعد 3 ہزار 639 ڈالر 61 سینٹ فی اونس تک پہنچی اور کاروباری سیشن کے دوران ایک موقع پر اس میں 3 فیصد سے زائد اضافہ بھی ہوا، جبکہ امریکی گولڈ فیوچرز 2.9 فیصد بڑھ کر 3 ہزار 637 ڈالر 60 سینٹ فی اونس ہو گئے۔

 رپورٹ کے مطابق اس سے قبل سونے کی قیمت گزشتہ دو ہفتوں سے مسلسل گر رہی تھی اور رواں ہفتے بدھ کو یہ اگست 2025 کے بعد کم ترین سطح یعنی 3 ہزار 426 ڈالر 35 سینٹ فی اونس تک گر گئی تھی۔

Scroll to Top