صارفین کے لیے اچھی خبر، ایل پی جی کے نرخوں میں کمی

ملک بھر میں ایل پی جی کی سپلائی بہتر ہونے کے بعد صارفین کے لیے ریلیف کی خبر سامنے آئی ہے جہاں فی کلوگرام قیمت میں 50 سے 80 روپے تک کمی واقع ہوئی ہے، تاہم مارکیٹ نرخ اب بھی سرکاری قیمت کے مقابلے میں 150 سے 200 روپے فی کلوگرام زیادہ ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمت 550 روپے فی کلوگرام سے کم ہو کر 480 سے 500 روپے فی کلوگرام کی سطح پر آ گئی ہے۔

 وزارت پٹرولیم کی جانب سے 15 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی کی درآمد اور تفتان بارڈر پر رکے ہوئے سیکڑوں ایل پی جی باؤزرز کی کلیئرنس کے بعد لاہور سمیت ملک کے مختلف حصوں میں سپلائی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے جبکہ مزید سیکڑوں باؤزرز بھی کلیئر ہو کر پاکستان پہنچ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : گاڑیوں کی قیمتوں میں 38 لاکھ روپے تک بڑی کمی، ہیوال اور ٹینک 500 کے نئے نرخ جاری

 اس حوالے سے ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے رہنما رانا عبدالجبار کا کہنا ہے کہ وزارت پٹرولیم نے بروقت ایل پی جی درآمد کی اور تفتان بارڈر پر پھنسے باؤزرز کی محفوظ ترسیل کو یقینی بنایا، جس کے نتیجے میں ملک میں ایل پی جی وافر مقدار میں میسر آ گئی ہے۔

 رانا عبدالجبار کے مطابق سپلائی میں بہتری کے باعث کمپنیوں نے نرخ کم کیے ہیں جس سے عوام کو ریلیف ملنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور سپلائی و رسد کے حالات مزید مستحکم ہونے پر قیمتوں میں مزید کمی کی توقع ہے۔

Scroll to Top