اسلام آباد: ذرائع اور سیاسی مبصرین کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے افغان شہریوں سے متعلق بیانات اور موقف کے پس پردہ کاروباری مفادات، بے نامی اثاثوں اور نان کسٹم پیڈ گاڑیوں سے جڑے معاملات کی تفصیلات سامنے آنا شروع ہو گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں قیمتی جائیدادوں کے حوالے سے مبینہ فرنٹ مین امان اللہ کے افغان شہری ہونے اور ان کا شناختی کارڈ منسوخ کیے جانے کے بعد اس معاملے نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس پیش رفت کے بعد مزید مبینہ فرنٹ مینوں، دیگر شہروں میں موجود جائیدادوں اور نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی تفصیلات بھی سامنے آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سامنے آنے والے شواہد اور بیانات کی روشنی میں یہ معاملہ محض ہمدردی یا سیاسی موقف تک محدود نظر نہیں آتا، بلکہ مبینہ طور پر بے نامی اثاثوں اور سرحد پار سے نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی آمد و رفت سے جڑے مفادات بھی اس بحث کا حصہ بن گئے ہیں۔
مبصرین کے مطابق اس حوالے سے عوامی اور سیاسی حلقوں میں یہ سوالات اٹھائے جا رہے ہیں کہ جائیدادوں کی مبینہ بے نامی ملکیت، نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے استعمال اور قانونی کارروائی کے دوران پیش آنے والے واقعات کی اصل نوعیت کیا ہے۔
دوسری جانب قانونی اور انتظامی امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے والی اور کسٹم ڈیوٹی کی ادائیگی کے بغیر چلنے والی گاڑیوں کے خلاف مختلف ادوار میں کسٹم اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کارروائیاں کی جاتی رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : میر علی میں بے غیرتی اور ذلت کی گٹر بھری غلاظت عیاں، فورسز سے ڈر کر خواتین کے دامن میں گڑگڑانے والے خوارجی بزدلوں کا گھناؤنا چہرہ ویڈیو میں بے نقاب
ماہرین کے مطابق سرحدی راستوں سے آنے والی ایسی گاڑیاں نہ صرف قومی خزانے کو مالی نقصان پہنچاتی ہیں بلکہ سیکیورٹی اور قانونی چیلنجز بھی پیدا کرتی ہیں، جس کے باعث ان کے خلاف کارروائی کو ریاستی رٹ کے نفاذ سے جوڑا جاتا ہے۔
سیاسی مبصرین اور شہریوں کا کہنا ہے کہ جب شناختی دستاویزات، ملکیت کے ریکارڈ اور ٹیکس ادائیگی سے متعلق سوالات جنم لیں تو عوامی اور سیاسی سطح پر وضاحت اور قانونی شواہد کی اہمیت بڑھ جاتی ہے۔
اس حوالے سے شہری حلقوں کی جانب سے یہ رائے بھی سامنے آ رہی ہے کہ متعلقہ فریقین کو چاہیے کہ وہ دستاویزی ثبوت پیش کر کے اپنے موقف کی وضاحت کریں تاکہ پیدا ہونے والا ابہام دور ہو سکے۔





