ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے فرنٹ مین امان اللہ کے نام سے منسلک گلبرگ گرینز اور سیکٹر G-6/4 کی جائیدادوں کی مکمل چھان بین کا حکم دے دیا

اسلام آباد: سرکاری مراسلت اور متعلقہ اداروں کی رپورٹس کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے فرنٹ مین امان اللہ ولد محمد یونس کی غیر ملکی شہریت کی تصدیق اور پاکستانی شناختی کارڈ کی منسوخی کے بعد اسلام آباد میں کروڑوں روپے مالیت کی جائیدادوں کے معاملے نے نیا اور سنگین رخ اختیار کر لیا ہے۔

ذرائع اور دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی 25 نومبر 2026 کی مراسلت میں امان اللہ ولد محمد یونس کی غیر ملکی شہریت کی تصدیق کے بعد اس معاملے کو انتہائی سنجیدہ قرار دیا گیا ہے۔

 اسپیشل برانچ کی رپورٹ اور نادرا کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے مطابق مذکورہ شخص غیر ملکی شہری ثابت ہوا ہے، جس کے بعد اس کا پاکستانی شناختی کارڈ منسوخ کیا جا چکا ہے۔

اس پیش رفت کے بعد قانونی اور انتظامی حلقوں میں یہ بنیادی سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ ایک غیر ملکی شہری نے پاکستانی شناختی کارڈ حاصل کر کے وفاقی دارالحکومت میں قیمتی جائیدادوں کے حصول اور ملکیتی مفادات تک رسائی کیسے حاصل کی۔

سرکاری مراسلت کے مطابق امان اللہ کے نام سے منسلک جن دو جائیدادوں کی تفصیلی چھان بین کا حکم دیا گیا ہے، ان میں گلبرگ گرینز کا مکان نمبر 318 اور سیکٹر G-6/4 کا مکان نمبر 7، اسٹریٹ 83 (رقبہ 1200 مربع گز) شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : بغل میں چھری منہ میں رام رام، دینی یا انسانی ہمدردی نہیں، افغانستان سے جڑے روابط کے پیچھے اسمگلنگ اور دولت سمیٹنے کا نیٹ ورک بے نقاب

دستاویزات میں سیکٹر G-6/4 کے مکان نمبر 7، اسٹریٹ 83 کو خصوصی توجہ طلب قرار دیتے ہوئے اس کے ملکیتی ریکارڈ کی مکمل جانچ کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ اس جائیداد کے حقیقی مالک، فنڈنگ کے ذرائع اور کسی بھی ممکنہ بالواسطہ ملکیتی مفاد کا تعین کیا جا سکے۔

قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کوئی غیر ملکی شہری متعلقہ قانونی اجازت کے بغیر پاکستان میں غیر منقولہ جائیداد حاصل کرتا ہے تو یہ فارنرز ایکٹ 1946 اور متعلقہ حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔

انتظامی ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کی جانب سے متعلقہ اراضی، انتقال، الاٹمنٹ اور ٹرانسفر کا مکمل ریکارڈ کھنگالا جا رہا ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کا کہنا ہے کہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال مکمل ہونے کے بعد قانون کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

دوسری جانب سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں سامنے آنے والے الزامات اور سرکاری تحقیقات کے تناظر میں شفاف تفتیش اور حقائق کا سامنے آنا ضروری ہے۔

Scroll to Top