بینکاک: پاکستانی کرپٹو ٹریڈر اور معروف ٹریڈنگ کمیونٹی ’کارٹیل‘ کے بانی ابو کارٹیل نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرتے ہوئے بائنانس کے پہلے آف لائن ٹریڈنگ ماسٹر ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کر لی، جس پر انہیں 20 ہزار امریکی ڈالر (تقریباً 56 لاکھ پاکستانی روپے) کا نقد انعام دیا گیا۔
تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں منعقدہ ’بائنانس بلاک چین ویک‘ (Binance Blockchain Week) کے دوران ہونے والے اس عالمی مقابلے میں دنیا بھر سے منتخب 10 بہترین ٹریڈرز نے حصہ لیا۔
مقابلے کے قواعد کے مطابق تمام شریک ٹریڈرز نے ایک ہی مقام پر کمپیوٹرز کے سامنے بیٹھ کر 90 منٹ تک براہِ راست لائیو ٹریڈنگ کے ذریعے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔
منتظمین کی جانب سے ہر ٹریڈر کو 10 ہزار امریکی ڈالر کا ابتدائی سرمایہ فراہم کیا گیا تھا، جبکہ زیادہ سے زیادہ 150 گنا لیوریج استعمال کرنے کی اجازت دی گئی تھی اور کامیابی کا دارومدار مقررہ وقت میں حاصل کیے گئے مجموعی منافع پر رکھا گیا تھا۔
مقابلے کے نتائج کے مطابق چین کے دو ٹریڈرز بالترتیب پہلی اور دوسری پوزیشن پر رہے، جبکہ پاکستان کے واحد نمائندے ابو کارٹیل نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسرا نمبر حاصل کیا۔
پہلے نمبر پر آنے والے چینی ٹریڈر ’KKing2020‘ نے 39.99 فیصد منافع کے ساتھ ایک لاکھ ڈالر کا انعام جیتا، جبکہ دوسرے نمبر پر رہنے والے ’Xiaoxia‘ نے 28.47 فیصد منافع حاصل کر کے 50 ہزار ڈالر اپنے نام کیے۔ ابو کارٹیل نے 11.02 فیصد ریٹرن کے ساتھ 1,101.71 ڈالر منافع کمایا اور تیسری پوزیشن کا 20 ہزار ڈالر کا انعام جیت لیا۔
یہ بھی پڑھیں : لاس اینجلس میں زلزلہ، 40 سے زائد آفٹر شاکس ریکارڈ
دبئی میں مقیم پاکستانی ٹریڈر ابو کارٹیل اس سے قبل اگست 2025 میں بھی اپنی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے ’بائنانس پاکستان ٹریڈنگ چیمپئن شپ‘ جیت چکے ہیں، جس میں ان کی ٹیم نے دو ہفتوں کے دوران مجموعی طور پر 2 لاکھ ڈالر کا منافع حاصل کیا تھا۔
عالمی ٹورنامنٹ میں کامیابی کے بعد ابو کارٹیل نے اعلان کیا ہے کہ وہ جیتی گئی مکمل 20 ہزار ڈالر کی انعامی رقم پاکستان کے مستحق اور باصلاحیت نوجوان ٹریڈرز میں تقسیم کریں گے۔
ان کے مطابق اس رقم سے مستحق افراد کو لیپ ٹاپ، ٹریڈنگ اسکرینز اور فنڈڈ پورٹ فولیوز فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ عالمی مالیاتی منڈیوں میں آگے بڑھ سکیں۔ انہوں نے اپنی اس جیت کو ذاتی کامیابی کے بجائے پورے پاکستان اور پاکستانی ٹریڈنگ کمیونٹی کے نام کیا ہے۔





