سوات: سوات پولیس نے چاند رات اور عید الفطر کے دوران سیکیورٹی پلان جاری کر دیاہے۔
سیکورٹی پلان کے تحت 5,252 پولیس افسران اور اہلکار ڈیوٹی انجام دیں گے۔ ترجمان پولیس کے مطابق لیڈی پولیس اہلکاروں کو بھی سیکیورٹی پلان میں شامل کیا گیا ہے تاکہ مساجد، عیدگاہوں اور اہم مقامات پر سخت حفاظتی انتظامات یقینی بنائے جا سکیں۔
ڈی پی او سوات ناصر محمود کی ہدایت پر داخلی و خارجی راستوں پر اضافی ناکہ بندیاں قائم کر دی گئی ہیں جبکہ ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے پولیس موبائل پیٹرولنگ میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ عوام کو ہوائی فائرنگ سے باز رہنے کی تاکید کی گئی ہے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بچوں کو موٹر سائیکل چلانے کی اجازت نہ دیں۔ پولیس نے بازاروں، شاہراہوں اور سیاحتی مقامات پر اضافی نفری تعینات کر دی ہے تاکہ عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ ڈی پی او نے عوام اور تاجروں سے بھی اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری پولیس کو دیں۔





