سیکیورٹی فورسز اور حساس اداروں نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کڑی جمعہ خان میں خفیہ اطلاعات پر مبنی ایک کامیاب آپریشن کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر گل زمان عرف سرسترگے عرف ملنگ کو ہلاک کر دیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سی ٹی سی سندھ کی جانب سے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کڑی جمعہ خان میں مطلوب دہشت گرد کمانڈر گل زمان کی موجودگی سے متعلق مصدقہ خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی۔
اطلاع ملنے پر 24 نومبر 2026 کی شب 8 بجے کے قریب سیکیورٹی فورسز اور حساس ادارے کی آپریشنل ٹیم نے جدید ٹریکر گاڑی کے ہمراہ مطلوبہ ہدف کی جانب پیش قدمی کی۔
رات 8 بج کر 50 منٹ پر جب آپریشنل ٹیم ہدف کے مقام پر پہنچی تو موٹر سائیکل پر سوار دو دہشت گردوں نے فورسز پر اچانک فائرنگ شروع کر دی۔ سیکیورٹی اہلکاروں کی بھرپور اور مؤثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں دہشت گرد کمانڈر گل زمان عرف سرستارگے موقع پر ہی مارا گیا جبکہ اس کا ساتھی موٹر سائیکل پر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
یہ بھی پڑھیں : سیکیورٹی فورسز کی ضلع کرم میں کامیاب کارروائی، تین دہشت گرد ہلاک، متعدد زخمی
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد کی لاش تحویل میں لے لی گئی ہے جبکہ اس کے قبضے سے ایک پستول اور بیگ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ علاقے میں فرار ہونے والے دہشت گرد کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔





