پشاور : خیبر پختونخوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب کی زیر صدارت فنکاروں کی مالی معاونت کے لیے قائم انڈومنٹ فنڈ سے متعلق اہم اجلاس خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورزم اتھارٹی، پشاور میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں نامور ادیب اباسین یوسفزئی، مشہور فنکارہ شازمہ حلیم سمیت محکمہ ثقافت کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران زاہد چن زیب نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا حکومت فنکار برادری کی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فنکار معاشرے میں امن، ہم آہنگی اور ثقافتی شناخت کے نمائندے ہوتے ہیں، اور ان کی خدمت دراصل پوری ثقافت کی خدمت کے مترادف ہے۔
زاہد چن زیب نے بتایا کہ انڈومنٹ فنڈ کے تحت مستحق فنکاروں کو ایک لاکھ روپے تک کی مالی امداد دی جائے گی، جبکہ کسی فنکار کے انتقال کی صورت میں ان کے پسماندگان، خصوصاً بیوہ اور بچوں کو دو لاکھ روپے تک کی امداد فراہم کی جائے گی تاکہ ان کی بنیادی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں پشتو کے فنکاروں پر زندگی تنگ، حل حکومت کی ذمہ داری ہے، ڈاکٹراباسین یوسفزئی
انہوں نے مزید کہا کہ فنکاروں کی عزت و وقار کو مدنظر رکھتے ہوئے امداد کا یہ عمل شفاف اور باوقار طریقے سے انجام دیا جائے گا، اور حکومت کی کوشش ہو گی کہ فنکار بغیر کسی خوف و پریشانی کے اپنے فن کو جاری رکھ سکیں۔
یہ اقدام خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے فنکاروں کے لیے ایک حوصلہ افزا اور اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف ثقافت کو فروغ ملے گا بلکہ فنکاروں کے مسائل کا بھی خاطر خواہ حل نکل سکے گا۔





