وزیراعظم شہباز شریف سے ورلڈ لبرٹی فنانشل کے شریک چیئرمین زیک ویٹکوف نے ملاقات کی جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور کرپٹوکرنسی کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے ملاقات کے دورنا گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان تیزی سے ترقی کرنے والی معیشتوں میں شامل ہے جو کرپٹوکرنسی کو اپنانے میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے باصلاحیت نوجوان کرپٹوکرنسی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں اور حکومت کرپٹوکرنسی کے متبادل مالیاتی نظام کے لیے قواعد و ضوابط کی تشکیل پر کام کر رہی ہے۔
ورلڈ لبرٹی فنانشل کے شریک چیئرمین زیک ویٹکوف نے پاکستان میں کرپٹوکرنسی کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی، انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل کے حوالے سے عالمی سرمایہ کاروں کے لیے ایک پرکشش مقام ہے۔
زیک ویٹکوف نے پاکستان کو دنیا کی تیزی سے ابھرتی ہوئی معیشتوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر اہم کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور برطانوی ہم منصب میں رابطہ، جھوٹے بھارتی پروپیگنڈے سے آگاہ کیا
وزیراعظم شہباز شریف اور ورلڈ لبرٹی فنانشل کے شریک چیئرمین زیک ویٹکوف کی ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔





