پاک فضائیہ کے جدید لڑاکا طیارے سوات اور سکردو پہنچا دیے گئے، PL-15 میزائلوں سے لیس فضائی دفاع مزید مضبوط ہوگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ نے ملکی فضائی دفاع کو مزید مؤثر اور ناقابل تسخیر بنانے کے لیے PL-15 اہنی شکن میزائلوں سے لیس جدید لڑاکا طیارے سوات اور سکردو ایئر بیسز پر تعینات کر دیے ہیں۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق یہ اقدام ملک کی فضائی حدود کے مکمل تحفظ، شمالی اور مغربی محاذوں پر نگرانی اور فوری ردعمل کی صلاحیت میں اضافے کے لیے کیا گیا ہے۔ PL-15 میزائلوں سے لیس یہ طیارے بیونڈ وژوئل رینج (BVR) میں دشمن کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور جدید فضائی جنگی حکمت عملی کا اہم حصہ ہیں۔
سکردو اور سوات جیسے اہم اسٹریٹیجک مقامات پر ان طیاروں کی تعیناتی سے پاک فضائیہ کی پیشگی دفاعی پوزیشن مزید مضبوط ہو گئی ہے۔ یہ جدید جنگی مشینیں دشمن کو واضح پیغام دیتی ہیں کہ پاکستان کی فضائی حدود مکمل طور پر محفوظ اور ہر جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ پاک فضائیہ ہر لمحہ چوکنا ہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے یا جارحیت کا فوری، مؤثر اور بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ فضائیہ کی جدید کاری اور آپریشنل تیاری ملکی خودمختاری کے تحفظ کی ضامن ہے۔
پاکستان کی مسلح افواج نے ہمیشہ ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے غیر متزلزل عزم اور اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے پاک فضائیہ (PAF) جدید ترین ٹیکنالوجی اور ہمہ جہتی صلاحیتوں سے لیس ایک مضبوط فضائی قوت کے طور پر ابھری ہے۔
جدید جے-10 سی اور جے ایف-17 بلاک تھری لڑاکا طیاروں کی شمولیت، جنہیں PL-15 بیونڈ وژوئل رینج (BVR) میزائلوں سے لیس کیا گیا ہے، نے پاک فضائیہ کی جنگی صلاحیت اور دفاعی مؤثریت کو نمایاں طور پر بڑھا دیا ہے۔ یہ جدید فضائی اثاثے دشمن کو واضح پیغام دیتے ہیں کہ پاکستان کی فضائی حدود ناقابل تسخیر ہیں۔
سیدو سے پسنی تک پاک فضائیہ کی موجودگی ہمہ وقت فعال ہے، جو ملک بھر میں چوبیس گھنٹے چوکسی اور فوری ردعمل کی صلاحیت یقینی بناتی ہے۔ فعال قیادت کے زیرِ سایہ پاک فضائیہ نے ایک انقلابی جدید کاری کے عمل سے گزر کر مختلف شعبوں میں نئی نسل کی ٹیکنالوجیز کو تیزی سے اپنا لیا ہے۔
پاک فضائیہ نے جدید فضائی پلیٹ فارمز، ہائی ٹو میڈیم آلٹیٹیوڈ ایئر ڈیفنس سسٹمز (HIMADS)، بغیر پائلٹ کے لڑاکا طیارے (UCAVs)، خلائی، سائبر اور الیکٹرانک وارفیئر کی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ مصنوعی ذہانت پر مبنی نظام بھی مؤثر انداز میں فعال کر دیے ہیں۔
پاک فضائیہ ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ وہ ملک کی خودمختاری کے تحفظ، دشمن کی جارحیت کی روک تھام اور طاقت کے توازن کے ذریعے امن قائم رکھنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ بہادری، جدیدیت اور عزم کی شاندار روایات کے ساتھ، پاک فضائیہ آنے والے وقت میں بھی پاکستان کی فضاؤں کے تحفظ کی ضامن بنی رہے گی۔





