بھارتی الزامات کے بعد واہگہ بارڈر سے شہریوں کی آمد و رفت ، پاکستانی سفارتکار اور اہلکار وطن واپس پہنچ گئے
تفصیلات کے مطابق بھارتی جارحیت اور پہلگام واقعے پر پاکستان پر لگائے گئے بے بنیاد الزامات کے تناظر میں واہگہ کے راستے دونوں ممالک کے شہریوں کی آمد و رفت کا سلسلہ جاری ہے۔ بھارت سے آج ایک پاکستانی سفارتکار اور عملے کے 7 ارکان واہگہ بارڈر کے راستے وطن واپس پہنچے۔
واہگہ بارڈر ذرائع کے مطابق پاکستانی سفارتکار سہیل قمر اور ان کے ہمراہ 4 ارکان شام کے وقت بھارت سے روانہ ہو کر لاہور پہنچے۔ اس سے قبل دوپہر میں بھی پاکستانی سفارتخانے کے 3 اہلکار اور ان کے 26 اہلِ خانہ واہگہ بارڈر عبور کر کے وطن واپس آ چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ واپسی حالیہ کشیدگی کے ماحول میں احتیاطی اقدامات کے طور پر عمل میں لائی جا رہی ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی سطح پر رابطے محدود مگر جاری ہیں۔
پہلگام واقعے کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات کو پاکستان نے سختی سے مسترد کیا ہے اور کہا ہے کہ ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، بلکہ بھارت اندرونی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے اس طرح کے حربے استعمال کر رہا ہے۔





