محسن نقوی اورمولانا فضل الرحمان کی اہم ملاقات، بھارتی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے پر اتفاق

محسن نقوی اورمولانا فضل الرحمان کی اہم ملاقات، بھارتی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے پر اتفاق

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور مولانا فضل الرحمان کی اہم ملاقات، پاک بھارت کشیدگی اور فلسطین پر تفصیلی تبادلہ خیال

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان اسلام آباد میں ایک اہم ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی بدلتی صورتحال، پاک بھارت کشیدگی اور فلسطین کے مسئلے پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے مولانا فضل الرحمان کو بھارت کے حالیہ غیر منطقی اور یکطرفہ اقدامات پر پاکستان کے اصولی موقف سے آگاہ کیا۔ محسن نقوی نے نیشنل سکیورٹی کمیٹی کے حالیہ فیصلوں سے بھی سربراہ جے یو آئی کو اعتماد میں لیا اور موجودہ صورتحال سے متعلق حکومتی پالیسیوں پر روشنی ڈالی۔

اس موقع پر محسن نقوی نے مولانا فضل الرحمان کی خیریت دریافت کی اور ان کی صحت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

گفتگو کے دوران مولانا فضل الرحمان نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’مودی ایک کھلا ہوا مسلمان دشمن ہے، اور اسلام و مسلمانوں کے خلاف جہاں بھی محاذ کھولا جائے، وہ وہاں موجود ہوتا ہے۔‘‘

جواب میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ’’بھارت آگ سے کھیلنے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن پاکستان اپنی خودمختاری، سلامتی اور قومی وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔‘‘

ذرائع کے مطابق، ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور دونوں رہنماؤں نے قومی اتحاد، یکجہتی اور مشترکہ حکمت عملی پر زور دیا تاکہ موجودہ داخلی و خارجی چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔

Scroll to Top