ایک ارب ہرجانہ کیس میں شوکت یوسفزئی کا بیان ریکارڈ

پشاور: عوامی نیشنل پارٹی کے سابق صدر اسفندر یارولی خان کی جانب سے سابق صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی کے خلاف دائر 1 ارب ہرجانہ کیس کی سماعت ہوئی۔

سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لیاقت علی نےکی۔ سابق صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی اور اسفندیار ولی خان کے وکیل طارق افغان اور فضل واحد ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے سابق صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی کا بیان ریکارڈ کردیا۔

شوکت یوسفزئی نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ میں نے اسفندیار ولی کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا، میں نے پریس کانفرنس میں صحافی کے سوال کا جواب دیا۔

بیان میں سابق صوبائی وزیر کاکہنا تھاکہ میں نے اعظم ہوتی کا بیان کوٹ کیا تھا، اپنا بیان نہیں دیا تھا۔

عدالت نے سماعت 10 مئی تک ملتوی کردی ۔

واضح رہے کہ اسفندیار ولی خان نے شوکت یوسفزئی کے خلاف 1 ارب روپے ہرجانے کا کیس دائر کیا ہے۔

Scroll to Top