وزیراعظم شہباز شریف نے آج نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ، وزیر دفاع، اور سروسز چیفس کے ہمراہ انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔
وزیراعظم کو دورے کے دوران ملک کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور بھارت کے بڑھتے ہوئے جارحانہ اور اشتعال انگیز رویے کی سبب کسی بھی قسم کے سیکیورٹی خطرات سے نمٹنے کی تیاریوں کے بارے میں وزیراعظم اور وزرا کو بریفنگ دی گئی۔
اس کے علاوہ سیاسی قیادت کو علاقائی سیکیورٹی کی پیش رفت اور ابھرتے ہوئے خطرات مثلاً روایتی فوجی آپشنز، ہائبرڈ جنگی حربے اور دہشت گرد پراکسیز سے آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم اور وزرا نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کسی بھی خلاف ورزی کو روکنے اور فیصلہ کن جواب دینے کے لیے بڑھتی ہوئی قومی تیاری، خفیہ اداروں کے درمیان بلا تعطل ہم آہنگی اور آپریشنل تیاریوں کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
آئی ایس آئی کی پیشہ ورانہ مہارت اور تذویراتی بصیرت کو سراہتے ہوئے، وزیراعظم نے پیچیدہ اور متحرک حالات میں قومی مفادات کے تحفظ اور باخبر قومی سلامتی کے فیصلوں کو ممکن بنانے میں اس کے اہم کردار کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم ہماری بہادر مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستان آرمی دنیا کی سب سے زیادہ پیشہ ور اور باضابطہ افواج میں سے ایک ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پہلگام حملے کا مودی کو پہلے سے علم تھا، بھارتی کانگریس کے صدر کا انکشاف
سیاسی قیادت نے تمام خطرات کے خلاف وطن کا دفاع کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور اس بات کی تجدید کی کہ قوم کی حمایت کے ساتھ مسلح افواج ریاستی اداروں کی مدد سے تمام حالات میں پاکستان کی سلامتی، وقار اور عزت کو برقرار رکھنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔





