اسحاق ڈار کا قائم مقام افغان وزیر خارجہ سے رابطہ، بھارتی پروپیگنڈے سے آگاہ کیا

نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے افغان عبوری حکومت کے قائم مقام وزیرخارجہ امیر خان متقی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں بھارت کے بے بنیاد پروپیگنڈے سے آگاہ کیا۔

اسحاق ڈار نے قائم مقام افغان وزیر خارجہ کو پاکستان کے خلاف بھارت کی طرف سے حالیہ اشتعال انگیزی سے آگاہ کیا۔

اسحاق ڈار نے اپنے ہم منصب کو بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات سے بھی آگاہ کیا جبکہ وزیر خارجہ نے امن کے لیے پاکستان کے عزم اور پاکستان کی خود مختاری کے تحفظ کا اعادہ کیا۔

ٹیلی فونک رابطے کے دوران دونوں رہنماؤں نے 19 اپریل کو اسحاق ڈار کے دورے کے بعد سے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی بہتری کے حوالے اطمینان کا اظہار کیا۔

مذکورہ دورے کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات میں زیادہ توجہ تجارت، باہمی منسلکی، معاشی تعاون، عوامی رابطوں اور سیاسی مشاورتی فریم ورک کی دوبارہ سے بحالی پر رہی۔

دونوں رہنماؤں نے خطے اور اس سے باہر امن و سلامتی کو فروغ دینے کے لیے طویل المدتی تعاون پر زور دیا، انہوں نے اعلیٰ سطحی رابطوں کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا۔

افغان قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی نے تجارت کو آسان بنانے اور سفر میں سہولت فراہم کرنے کے لیے پاکستان کے فعال اقدامات کو سراہا۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم کا وزرا اور عسکری قیادت کے ہمراہ آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز کا دورہ، سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ

امیر خان متقی نے اسحاق ڈار کو دوبارہ افغانستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی، انہوں نے پاکستان کی حکومت اور عوام کے لیے دعائیں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

Scroll to Top