وزیراعظم شہبازشریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام ایک پیغام میں جنوبی ایشیا میں امن کے قیام کے لیے ان کی قیادت اور تعاون کی تعریف کی ہے۔
وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کے عالمی امن کے لیے عزم اور جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کے لیے ان کے اہم کردار کو سراہا اور ان کی قیمتی پیشکش پر شکریہ ادا کیا۔
شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں جنہوں نے باہمی مفادات کی حفاظت اور دنیا کے اہم حصوں میں امن و سلامتی کے لیے مشترکہ طور پر کام کیا ہے۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ انہیں یقین ہے کہ صدر ٹرمپ کی قیادت میں پاکستان اور امریکہ کے تعلقات ایک نئی جہت اختیار کریں گے، اور یہ شراکت داری نہ صرف تجارت اور سرمایہ کاری میں بلکہ دیگر تمام شعبوں میں مزید مستحکم ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان بھارت کیساتھ ملکر کشمیر کے مسئلہ کا حل تلاش کرینگے ، امریکی صدر نے اہم اعلان کردیا
شہبازشریف کا یہ پیغام پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے جو نہ صرف دونوں ممالک کے مفادات کے لیے اہم ثابت ہو سکتا ہے بلکہ عالمی سطح پر امن و استحکام کو بھی فروغ دے سکتا ہے۔





