پشاور کے علاقے تھانہ چمکنی کی حدود میں مال مویشی منڈی کے قریب پولیس موبائل کو خودکش حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔
پولیس کے مطابق دھماکا برلب نہر رنگ روڈ کے قریب ہوا جب پولیس کی گشت پر مامور موبائل وہاں موجود تھی، خودکش حملے کے نتیجے میں سب انسپکٹر لییق زادہ خان اور کانسٹیبل عالمزیب موقع پر شہید ہو گئےجبکہ تین افراد زخمی بھی ہوئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور سیکیورٹی فورسز جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا، زخمیوں اور شہداء کی لاشوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس اور بم ڈسپوزل سکواڈ نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں جبکہ حملے کی نوعیت اور حملہ آور کی شناخت سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت نے ہمیں کمزور سمجھا، لیکن ہم نے بڑا سرپرائز دیا،اسد قیصر
ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکا خودکش تھا تاہم بم ڈسپوزل یونٹ کی حتمی رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ہونے والے دھماکے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں





