پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے بھارتی ایئرلائنز کو 400 کروڑ کا جھٹکا

پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے بھارتی ایئرلائنز کو 400 کروڑ کا جھٹکا

پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے بھارتی ایئرلائنز کو 400 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے بھارتی پروازوں کے لیے فضائی حدود کی بندش کو 19 روز گزر چکے ہیں، اور اس دوران بھارتی ایوی ایشن انڈسٹری کو شدید مالی اور عملی نقصان کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق، 2000 سے زائد پروازیں متاثر ہو چکی ہیں، جبکہ بھارتی ایئرلائنز کو 400 کروڑ روپے سے زائد کا معاشی نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔

فضائی حدود کی بندش کے باعث امرتسر، دہلی، ممبئی اور احمد آباد جیسے بڑے شہروں سے روانہ ہونے والی پروازوں کو متبادل اور طویل راستوں سے گزرنا پڑ رہا ہے، جس کی وجہ سے ایندھن کے اخراجات، فضائی عملے کی لاگت اور پروازوں میں تاخیر میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے۔ ایئرلائنز کو یومیہ کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔

مزید برآں، بھارتی حکومت کی جانب سے اب تک 24 ہوائی اڈے بند رکھے گئے ہیں حالانکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کی صورتحال قائم ہے۔ رپورٹ کے مطابق صرف آج 444 پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ سری نگر ایئرپورٹ گزشتہ سات دنوں سے بند ہے جہاں روزانہ 65 پروازیں منسوخ ہو رہی ہیں۔ لداخ (لیح کوشک) اور جموں ایئرپورٹس کی تمام 30 پروازیں بھی معطل کر دی گئی ہیں۔

صورتحال اتنی تشویشناک ہے کہ کئی ایئرپورٹس پر تمام طیارے ہینگرز میں منتقل کر دیے گئے ہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت کی طرف سے ہوائی اڈوں کی بندش اور فلائٹ آپریشن کی معطلی نے نہ صرف مسافروں کو متاثر کیا ہے بلکہ بھارتی معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔

ماہرین کے مطابق اگر یہ صورتحال مزید برقرار رہی تو بھارتی ایوی ایشن انڈسٹری کو اربوں روپے کے اضافی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

Scroll to Top