اسلام آباد: وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا ہے کہ جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل بنانے کا فیصلہ ایگزیکٹو کا ہے اور اس پر اعتراض بلاجواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنہوں نے جنگ جیتی، انہیں یہ اعزاز دیا گیا ہے، نہ کہ کسی سویلین یا مسلم لیگ ن کو۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ رافیل طیاروں کا دعویٰ کرنے والے 6 سالہ بچی کو شہید کرنے کے ذمہ دار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل بھی اسپتال گراتا ہے اور بچوں کو زندہ دفن کرتا ہے، ایسی دہشتگردی کی حقیقت دنیا کے سامنے آنی چاہیے۔ مصدق ملک نے کہا کہ سویلینز کو نشانہ بنایا گیا اور ہم نے فوجی قوت کا جواب دیا۔
انہوں نے پاک بھارت جنگ کے دوران تمام سیاسی جماعتوں، بشمول پی ٹی آئی، کے مثبت کردار کو سراہا اور کہا کہ سب کو نفاق ختم کرنے پر متفق ہونا چاہیے۔
وزیر نے وزیراعظم کی جانب سے فلور آف دی ہاؤس پر مذاکرات کی دعوت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا موقف ہے کہ وہ صرف اسٹیبلشمنٹ سے بات کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں ؛ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعیناتی تاحیات ہے: سینیٹر فیصل واوڈا کا دعویٰ
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ملک کو متحد ہونا ہوگا تاکہ داخلی سیاسی اختلافات کے باوجود قوم کی سلامتی اور ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔





