پاکستان کے لوگ بہترین اور رہنما عظیم ہیں ،ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور اس کی قیادت کے لیے غیر معمولی تعریفی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’پاکستان کے لوگ بہترین اور اس کے رہنما عظیم ہیں‘‘۔ انہوں نے یہ بات وائٹ ہاؤس میں جنوبی افریقی صدر سیرل رامافوسا کے ساتھ ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

صدر ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ جنگ بندی معاہدے کو سراہتے ہوئے اسے خطے کے امن کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ’’پاکستان اور بھارت اب بڑے معاہدے کر رہے ہیں، ہم نے دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کرائی ہے۔ میں نے ان دونوں سے کہا کہ تم لوگ کیا کر رہے ہو؟ ان کے درمیان مسئلہ بدترین صورت اختیار کرتا جا رہا تھا۔‘‘

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ بھارت میں ان کے قریبی دوست نریندر مودی موجود ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ جنوبی ایشیا میں امن قائم ہو۔

صحافیوں کے سوالات کے دوران صدر ٹرمپ نے پاکستان کی امن کوششوں کو سراہا اور خطے میں استحکام کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ دونوں ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتا ہے اور ثالثی میں مدد دینے کے لیے تیار ہے۔

دوسری جانب ملاقات کے دوران صدر ٹرمپ نے جنوبی افریقہ کے حوالے سے بھی متنازع بیان دیا۔ انہوں نے جنوبی افریقی صدر رامافوسا پر الزام عائد کیا کہ ملک میں سفید فام اقلیت کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس حوالے سے کچھ دستاویزات اور تصاویر بھی دکھائیں جنہیں وہ ’’نسل کشی کے ثبوت‘‘ قرار دیتے ہیں۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا’’سفید فام کسان جنوبی افریقا سے بھاگ رہے ہیں، ہمیں اس مسئلے کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔‘‘

ٹرمپ کے اس بیان پر عالمی سطح پر ردعمل آنے کا امکان ہے، خاص طور پر جنوبی افریقا میں جہاں ان کے الزامات کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

Scroll to Top