محکمہ تعلیم کے اسپیشل سیکرٹری قیصر عالم نے بتایا کہ تعلیمی اداروں کے سربراہان سکیورٹی سروے مکمل کریں اور ضلعی انتظامیہ کیساتھ ملکرجامع سکیورٹی پلان ترتیب دیں۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع خضدار میں اسکول بس پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد خیبرپختونخوا پولیس نے فوری اقدام کرتے ہوئے صوبے بھر میں اسکولوں کی سکیورٹی کے لیے جامع ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ اس ایڈوائزری کے تحت پشاور سمیت تمام اضلاع کے اسکولوں میں سخت سکیورٹی ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ تعلیمی اداروں کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔
محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کے اسپیشل سیکرٹری قیصر عالم نے بتایا کہ تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز (ڈی ای اوز) اور اسکولوں کے سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر سیکیورٹی سروے مکمل کریں اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر جامع سکیورٹی پلان ترتیب دیں۔
ایڈوائزری میں درج اہم نکات
اسکولوں کے داخلی و خارجی راستوں پر مؤثر چیکنگ کا نظام قائم کیا جائے۔
تربیت یافتہ سیکیورٹی گارڈز کی تعیناتی یقینی بنائی جائے۔
تمام اسکولوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں تاکہ نگرانی کا عمل موثر بنایا جا سکے۔
ہر اسکول میں ایمرجنسی الرٹ سسٹم اور ایگزٹ پلان تیار کیا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے فوری نمٹا جا سکے۔
طلبا کے لیے سیکیورٹی آگاہی سیشنز منعقد کیے جائیں تاکہ وہ خطرات سے بچاؤ کے طریقے سیکھ سکیں۔
اسپیشل سیکرٹری قیصر عالم نے کہا کہ محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا اسکولوں کی سیکیورٹی کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کرے گا۔ طلبا اور اساتذہ کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔’’انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی پلان پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے تعاون سے مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا، تاکہ تعلیمی اداروں میں ایک محفوظ اور پرامن ماحول مہیا کیا جا سکے۔





