قذافی اسٹیڈیم: پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کے 10 ویں سیزن کے فائنل میں پاک بحریہ کے بہادر سپوتوں کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف قذافی اسٹیڈیم پہنچے جہاں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
تقریب میں امریکہ کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر، وزیر خزانہ محمد اورنگ زیب، سیاسی و عسکری اعلیٰ شخصیات سمیت دیگر مہمانانِ خصوصی بھی موجود تھے۔
معروف گلوکاروں نے ملی نغمے پیش کیے، جس سے نہ صرف شائقین کا جوش بڑھ گیا بلکہ قذافی اسٹیڈیم پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا اور ہر طرف قومی پرچموں کی بہار چھا گئی۔
لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فائنل کے دوران پاک بحریہ کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا اور ان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا گیا۔
وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ پاک بحریہ کی مضبوط تیاریوں کی بدولت دشمن نے ہماری سمندری حدود پر حملہ کرنے کی جرات نہیں کی۔
یہ بھی پڑھیں : لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ہرا کر پی ایس ایل 2025 کا ٹائٹل جیت لیا
محسن نقوی نے مزید کہا کہ زندہ قومیں اپنے ہیروز کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں اور 10 مئی کا دن پاکستان کی دفاعی تاریخ کا روشن ترین باب ہے۔ اس موقع پر پاک بحریہ کے سپوتوں کو خراج تحسین پیش کرنا قومی جذبے کی عکاسی ہے۔





